کراچی میں بجلی کابحران جاری ،لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان
شیئر کریں
شہر قائد کراچی میں بجلی کا بحران جاری ہے، بجلی کی طویل بندش سے شہری پریشان جبکہ مختلف علاقوں میں 9 سے 12 گھنٹوں کے لیے بجلی بندکی جا رہی ہے۔کراچی میں بجلی کی بندش سے مستثنی علاقوں میں بھی 3 سے 6 گھنٹوں کے لیے بجلی کی بندش جاری ہے۔صارفین کے مطابق مرمت اور مقامی فالٹس کے نام پر لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، ایف بی ایریا کے مختلف بلاکس میں صبح 10 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ گلشن اقبال، منصور نگر اور اورنگی میں بھی طویل لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان ہیں۔گلشن معمار، اورنگی ٹاؤن، گلستان جوہر، پاک کالونی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد اور نارتھ کراچی میں بھی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔کراچی کے علاقے ملیر، قائد آباد، سہراب گوٹھ، گارڈن، لیاری اور کھارادر میں بھی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر میں بجلی کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے، فنی خرابی کو دور کرنے کے لیے کے الیکٹرک کا عملہ کام کر رہا ہے۔اس حوالے سے کے الیکٹرک کے ڈائریکٹر عمران رانانے کہا ہے کہ ڈیمانڈ اور سپلائی میں بہتری آئی ہے، مجموعی طور پر صورتِ حال بہتر ہے۔جاری کیئے گئے ایک بیان میں کے الیکٹرک کے ڈائریکٹر عمران رانا نے کہا ہے کہ کراچی کو 3200 میگا واٹ سے زائد بجلی فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جاتی، جہاں جہاں لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، صارفین کو پیشگی اطلاع دی جاتی ہے۔ڈائریکٹر کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی کی چوری ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے