جی ڈی اے حکومت سے ناراض، پی ڈی ایم میں شمولیت متوقع
شیئر کریں
(رپورٹ: شعیب مختار) کپتان کے با اعتماد کھلاڑی کا طیارہ بیرون ملک روانگی کے لیے تیار ہو گیا، سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آ ئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کاکردار بھی پی ڈی ایم کی مصنوعی جیت کو نہ روک سکا، اپو زیشن کی بڑی منصوبہ بندی کامیاب ہو گئی۔ یوسف رضا گیلانی کو اگلاچیئر مین سینیٹ بنانے کے لیے ہوم ورک شروع ہو گیا،پیرصدر الدین شاہ راشدی کی سینیٹ میں شکست پر جی ڈی اے حکومت سے روٹھ گئی۔ ذرائع کے مطابق سینیٹ انتخابات میں ناکامی کے بعد حکومتی اراکین کا جہانگیر ترین سے رابطہ تاحال نہیں ہو سکا،جبکہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر خزانہ حفیظ شیخ سے رابطے کے بعدبھی ان کی وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے کسی قسم کی کوئی ملاقات یا رابطہ سامنے نہیں آ سکا ہے۔جہانگیر ترین کی جانب سے سینیٹ انتخابات میں حفیظ شیخ کے تعاون مانگنے پر ان کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے تحت ان کی جانب سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے متعددناراض اراکین اسمبلی سے رابطے کیے گئے تھے، بعد ازاں چند روز بعد وہ منظر عام سے اچانک غائب ہو گئے تھے۔جہانگیر ترین یوسف رضا گیلانی کے رشتہ دار بھی بتائے جاتے ہیں جس کی تحت پی ٹی آ ئی کے متعدد حلقوں میں ان کیخلاف مختلف قسم کی قیاس آرائیاں گردش کر رہی ہیں، آئندہ چند روز میں ان کی بیرون ملک روانگی کا امکان ہے۔ سینیٹ میں اپنے امیدوار کی بد ترین شکست کے بعد جی ڈی اے بھی حکومت سے سخت ناراض دکھائی دیتی ہے جس کے تحت جی ڈی اے کے متعدد رہنما یہ موقف اختیار کر رہے ہیں کہ انہیں حکومتی اراکین اور ان کی اتحادی جماعتوں کی جانب سے سینیٹ میں ووٹ نہیں دیا گیا ہے۔ حالیہ دنوں جی ڈی اے اور حکومتی اتحاد نہایت خطرے میں دکھائی دیتا ہے جس کے تحت جلد ہی جی ڈی اے کی پی ڈی ایم میں شمولیت متوقع ہے۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے یوسف رضا گیلانی کو چیئر مین سینیٹ بنانے کے لیے پی ڈی ایم کی اتحادی جماعتوں سے رابطے تیز کر دیے ہیں جس سے متعلق حتمی فیصلہ آ ئندہ چند روز میں پی ڈی ایم کے اجلاس میں متوقع ہے۔