کراچی والو پاکستان کرکٹ کے لیے نیشنل اسٹیڈیم بھر دو، سرفراز احمد
شیئر کریں
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کرنے والے سرفراز احمد نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ کے لیے نیشنل اسٹیڈیم میں اپنی موجودگی سے گرائونڈ بھر دیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ کراچی کے شہریوں سے درخواست ہے کہ پاکستان کرکٹ کی حمایت میں آگے آئیں اور نیشنل اسٹیڈیم کو اپنی آمد سے بھر دیں اور دنیا کو پیغام دیں کہ پاکستان کرکٹ کی میزبانی کے لیے بہترین ملک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں میچ ہوں تو گھر والوں کا بڑا دبا ئوہوتا ہے کہ انہیں میچ گرائونڈ میں بیٹھ کر دیکھنا ہے ، ہمارے گھر والے ہمارا میچ نہیں دیکھیں گے تو کس کا میچ دیکھیں گے ۔ وکٹ کیپر بلے باز نے کہا گزشتہ سال ویسٹ انڈیز نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کراچی میں کھیلے تو انہوں نے ٹیم منیجر طلعت علی ملک سے خاص درخواست کی تھی کہ انہیں زیادہ ٹکٹ دیں، خاندان کا ہر شخص میچ دیکھنا چاہتا ہے ۔یاد رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 10مارچ کو کراچی کنگز کا مقابلہ سرفراز احمد کی ٹیم کوئٹہ گلیڈئیڑ کے ساتھ ہے ۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے جب سوال کیا گیا کہ کراچی ہوم گرائونڈ ہے اور وہ کراچی کے خلاف میدان میں اتریں گے جس پر انہوں نے کہا کہ سب ٹیمیں پاکستان کی ہیں اور جہاں تک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بات ہے ہماری ٹیم میں مجھ سمیت کراچی کے کئی لڑکے کھیل رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں لوگ ہماری بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے ۔