ثانیہ مرزا شعیب ملک کو سپورٹ کرنے دبئی پہنچ گئیں، دھمکیاں نظرانداز
شیئر کریں
عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اپنے وطن کے انتہاپسند ہندوں سے ملنے والی تمام تر دھمکیوں کو یکسر نظرانداز کرکے دبئی میں اپنے خاوند اور ممتاز کرکٹر شعیب ملک کو پی ایس ایل میں سپورٹ کرنے پہنچ گئیں۔ بھارت کی بیٹی نے جب پاکستانی بہو ہونے کے ناطے دبئی میں سابق پاکستانی کرکٹرز اور ان کی فیملیز کو پرتکلف عشائیہ دیا تو پاکستانیوں نے نہ صرف شکریہ ادا کیا بلکہ سماجی رابطوں کے ویب سائٹ ٹوئٹر پردنیا ئے ٹینس کی اسٹار کھلاڑی ثانیہ مرزا اوران کے خاوند معروف آل رائونڈر شعیب ملک کو تھینک یو ویری مچ بھی کہا۔ثانیہ مرزا کا پی ایس ایل میں شریک اپنے خاوند شعیب ملک کی سپورٹ میں دبئی پہنچنا فی الوقت اس لیے معنی رکھتا ہے کہ پلوامہ واقعے کے بعد سے انتہاپسند ہندوں کی جانب سے انہیں تسلسل کے ساتھ کڑی نکتہ چینی کا نشانا بنایا جارہا ہے ۔پاکستان اور مسلمان دشمنی میں اندھی ہونے والی بی جے پی کے رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے فروری 2019ء کے تیسرے ہفتے میں مطالبہ کیا تھا کہ عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو برانڈ ایمبسیڈر آف تلنگانہ کے منصب سے فارغ کیا جائے ۔جنوبی بھارت کی ریاست تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے واحد رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کے مطابق ثانیہ مرزا پاکستان کی بہو ہیں یعنی ان کا سب سے بڑا قصور یہی ہے کہ وہ شعیب ملک کی اہلیہ ہیں۔بی جے پی کے رکن اسمبلی نے خود کو ہی قانون قراردیتے ہوئے یہ فیصلہ بھی سنا دیا تھا کہ ثانیہ مرزا جو پاکستانی سے شادی کرنے کی وجہ سے بھارتی شہری بھی نہیں ہیں اور پاکستانی بہو ہیں کو برانڈ ایمبسیڈر آف تلنگانہ کے منصب سے ہٹا دیا جائے ۔گزشتہ دنوں بھارت کے انتہا پسند ہندوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر یہاں تک کہا کہ وہ شعیب ملک کو بھارت نہیں آنے دیں گے ۔