عوام جانتے ہیں کون قابل،کون قاتل بنا رہا ہے، حافظ نعیم الرحمان
شیئر کریں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ عوام جانتے ہیں کہ نوجوانوں کو کون قابل اور کون قاتل بنا رہا ہے۔ضلع غربی میں بنو قابل انٹری ٹیسٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں 7 ہزار سے زائد طالب علموں نے شرکت کی۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئی ٹی کی تعلیم بہت مہنگی ہوتی جا رہی ہے جبکہ حکومت کی پالیسیز میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع نہیں مل رہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بہت لوگوں کو تکلیف ہے کہ جماعت اسلامی یہ کیوں کر رہی ہے، کون بنو قابل کر رہا ہے اور کون بنو قاتل کرتا رہا ہے، ایسے لوگ بھی الیکشن لڑتے نظر آ رہے جو بلدیہ فیکٹری سانحے میں ملوث تھے۔انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات گیم چینجر بننے جا رہے ہیں، جماعت اسلامی انتخابات میں کلین سوئپ کرے گی، جیت کر پورے سندھ میں مفت آئی ٹی تعلیم دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی نے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو نہ حکومت بنانے دیں گے اور نہ چلانے دیں گے، اس شہر کو بلدیہ فیکٹری جلانے والوں کے ہاتھ میں نہ دو، شہر دوبارہ بھتہ خوری اور دہشتگردی کے حوالے نہیں کرنا چاہیے۔ایک اور موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ شہر کا المیہ ہے بارش ہو جائے تو شہر سے لاشیں برآمد ہوتی ہیں، اب تک 4 لاشیں مل چکی ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے پورا نظام تباہ ہو چکا ہے۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ بلدیہ اور سندھ حکومت کے پاس پیسے نہیں ہیں، سندھ حکومت کے پاس پیسے بھی ہیں اور اداروں پر قبضہ بھی ہے، نالوں پر قبضہ کرتے ہیں چائنا کٹنگ کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نالوں پر تعمیرات ہونے سے پانی بلاک ہو جاتا ہے، پورا حکمران ٹولا بن چکا ہے ان سے جان چھڑوانی پڑے گی۔