میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آصف زرداری کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ

آصف زرداری کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک
منگل, ۵ فروری ۲۰۱۹

شیئر کریں

قومی احتساب بیورو(نیب)نے آصف زرداری اور دیگر بااثر ملزمان کے خلاف میگا منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا اہم فیصلہ کرلیا ہے۔

کراچی کی بینکنگ عدالت میں زیر سماعت اربوں روپے کے میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے اور نیب نے میگا منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیب سندھ کی ٹیم نے بینکنگ عدالت میں کراچی سے اسلام آباد مقدمہ منتقل کرانے کی درخواست دائر کردی ہے، جبکہ چیئرمین نیب جاوید اقبال اور پراسیکیوٹر جنرل نیب کو بھی کیس منتقلی کی منظوری کی درخواست ارسال کردی گئی ہے۔نیب نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی، عدالتی فیصلے کی روشنی میں مقدمہ منتقل کرنا ہے، چیئرمین نیب اور پراسیکیوٹر جنرل نیب مقدمے کی منتقلی پر غور کررہے ہیں، اسی لیے اس حوالے سے عدالت کو اطلاعی رپورٹ دے رہے ہیں۔

سندھ میگا منی لانڈرنگ کیس بینکنگ کورٹ کراچی میں زیر سماعت ہے جس میں انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی اور طحہ رضا گرفتار ہیں جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔مقدمے میں دیگر ملزمان حسین لوائی، عبدالغنی مجید لاہور کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں جبکہ ان کے بیٹے نمرمجید، ذوالقرنین مجید اور دیگر ملزمان عبوری ضمانت پر ہیں۔ ان تمام ملزمان کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں