پی ٹی آئی غیرذمہ دارانہ بیانات نہ دے، اعتماد کا ووٹ لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، پرویز الہیٰ
شیئر کریں
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان جیسا لیڈر پاکستان میں پیدا نہیں ہو گا،قائد اعظمؒ کے بعد عمران خان جیسا ایماندار لیڈر پہلی بار پاکستان کو ملا ہے،انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے بڑی ترقی کرنی ہے، سارے نالائق ن لیگ والے سب پیچھے رہ جائیں گے، شہباز شریف مکمل طورپر ایکسپوز ہوگیا ہے،(ن) لیگ والوں کو کسی چیز کی سمجھ نہیں۔ وہ وزیر آباد میں چودھری پرویزالٰہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے توسیعی منصوبے اور ہسپتال میں جدید مشینری کی فراہمی کے آغاز کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ گورنر پنجاب نے جو حکم دیاہے وہ غیر قانونی ہے۔ ہم گورنر کے اس غیر قانونی حکم کو نہیں مانتے۔ ہمیں گورنر کے غیر قانونی حکم پر عمل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ وزیر اعلی نے بتایا کہ ہم نے پنجاب کے مختلف محکموں میں بھرتیوں سے پابندی اٹھا لی ہے۔چند ماہ میں ایک لاکھ سے زائد نوکریاں دیں گے۔ ترکیہ کی کمپنی اوزپاک سے صفائی کا معاہدہ ہوگیاہے اب آپ کو ہر شہر میں صفائی کی صورتحال میں بہتری نظر آئے گی۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہماری حکومت مضبوط ہے۔اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم او رعوا م کی دعاؤں سے وزارت اعلیٰ ملی ہے۔وزارت اعلیٰ کا منصب غریب عوام کے لئے وقف کیا ہے۔غریب لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے دن رات ایک کیا ہواہے۔شہباز شریف او رن لیگ کی حکومت نے پوری کوشش کی کہ چودھری پرویزالٰہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی وزیرآباد نہ چلے لیکن الحمدللہ یہ ہسپتال اب چل پڑا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی وزیرآباد میں امراض قلب میں مبتلا بچوں کی سرجری بھی ہوگی۔گجرات میں کینسر کے جدید علاج سائبر نائف کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ہسپتالوں میں ہر قسم کی دوائی مفت ملے گی۔وزیرآباد او رگجرات کے ڈاکٹروں کو اچھی رہائش کی سہولت دیں گے۔پنجاب میں ڈاکٹرز کی بھرتی کی جارہی ہے۔عمران خان کے ویژن کے مطابق صحت کی سہولتوں کو دور دراز علاقوں تک بڑھایا جارہاہے۔وزیرآباد میں فیملی ہیلتھ کلینک او رگکھڑ میں ٹراما سنٹر بنائیں گے۔پنجاب میں جب سے ہماری حکومت آئی ہے ایک ا یک لمحہ عوام کی خدمت میں گزرہاہے۔