ٹی ٹی پی کی شہباز شریف، بلاول بھٹو کو دھمکیاں قابل مذمت ہیں، ، امریکا
شیئر کریں
امریکا نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت کو دی گئی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے ایک بار پھر طالبان سے افغان سرزمین کو عالمی دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کا اپنا وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے دھمکی آمیز بیان میں حکمراں اتحاد کی 2 بڑی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنے پر غور کر نے کا اعلان کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ کے دوران افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنے کے لیے اقدامات سے متعلق سوال پر کہا کہ یہ معاملہ ہمارے لیے بھی تشویش کا باعث ہے، امریکا اور طالبان کے معاہدے میں طالبان نے اس بات کو یقینی بنانے کا عہد کیا تھا کہ وہ عالمی دہشت گردوں کو افغانستان کے اندر آزادانہ طور پر کام نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کے چند ماہ قبل کیے گئے آپریشن نے جس میں القاعدہ کا کابل میں رہائش پذیر رہنما مارا گیا، یہ واضح کر دیا تھا کہ طالبان اپنے اس وعدے کو پورا نہیں کر رہے لیکن یہ ہمارے لیے مشترکہ طور پر تشویشناک ہے، یہ تشویش ہم پاکستان سمیت افغانستان کے پڑوسیوں کے ساتھ شیئر کرتے ہیں، اس معاملے میں پاکستان کو یقیناً ان خطرات کی وجہ سے خطرناک تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں ہم شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں لیکن افغانستان میں امریکا، اس کے اتحادیوں اور مفادات کے لیے ابھرنے والے خطرات سے نمٹنے کے لیے اگر اور جب ضروری ہوا تو صدر جو بائیڈن یکطرفہ طور پر بھی کارروائی کرنے کے لیے پرعزم ہیں جیسا کہ ہم نے چند ماہ قبل ایمن الظواہری کے خلاف کیا تھا۔کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت کو دھمکیاں دینے سے متعلق سوال پر نیڈ پرائس نے کہا کہ ہم اس طرح کی بیانات سے آگاہ ہیں، ہم کسی بھی گروپ کی جانب سے تشدد کی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہیں، خاص طور پر ٹی ٹی پی جیسے دہشت گرد گروپ کی طرف سے اس طرح کے تشدد کی دھمکیاں قابل مذمت ہیں۔اس سوال پر کہ پاکستان، تحریک طالبان پاکستان، ان کے پاک۔ افغان سرحدی علاقوں میں ٹھکانوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تو امریکا اس قسم کے آپریشن میں پاکستان کو کس قسم کی مدد کی پیشکش کر سکتا ہے؟انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ ضروری ہے کہ ہم بڑے منظر نامے کو نظر انداز نہ کریں، دہشت گردی کی لعنت بدستور ایک خطرہ ہے جیسا کہ میں نے پہلے کہا کہ یہ لعنت بہت سے پاکستانی، افغانی اور دیگر معصوم شہریوں کی جانیں لے چکی ہے۔انہوںنے کہاکہ امریکا اور پاکستان کا اس بات کو یقینی بنانے میں مشترکہ مفاد ہے کہ طالبان اپنے وعدوں کو پورا کریں اور یقینی بنائیں کہ داعش، ٹی ٹی پی جیسے دہشت گرد گروپ علاقائی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے قابل نہ رہیں لیکن پاکستان کے آپریشن کے منصوبوں سے متعلق سوالات کے لیے میں آپ کو پاکستانی حکام سے رجوع کرنے کی تجویز دوں گا۔