مخصوص لابی سی پیک منصوبہ روکنا چاہتی ہے،احسن اقبال
شیئر کریں
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے سی پیک سہ ماہی میگزین اور ویب سائٹ کا افتتاح کر تے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کا مقصد خطے میں ترقی‘ خوشحالی اور امن و استحکام لانا ہے،سی پیک علاقائی تعاون کا منصوبہ ہے،منصوبہ بہتر معیار زندگی فراہم کرنے کا عکاس ہوگا ٗسی پیک کے حوالے سے محاذ آرائی کے بجائے تعاون کو فروغ دینا چاہئے، جبکہ پاکستان میں چین کے سفیر یا ئو ژنگ نے کہاہے کہ سی پیک چین اور پاکستان کا دو طرفہ منصوبہ ہے، علاقائی تعاون کو بڑھانا چین کی قیادت کے لیے بہت اہم ہے۔جمعرات کو سی پیک سہ ماہی میگزین اور ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد ہوا۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں اس سے ہم اس خطے بھر کے لوگوں کی زندگیاں بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اپنی مدد آپ کے تحت کوئٹہ سے گوادر تک سڑک بنا کر 40 گھنٹے کا سفر آٹھ گھنٹے کا کر دیا جس سے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوئیں۔ یہاں پر ایک ایسی لابی کام کر رہی ہے جو نہیں چاہتی کہ سی پیک پر کام ہو اور عوام کے اندر گمراہ کن انفارمیشن پھیلانے میں لگی ہوئی ہے اس لابی کا مقصد ہی سی پیک کو ناکام بنانا ہے، مگر وہ اس مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو گی، کیونکہ اب عوام جانے ہیں کہ ان کے لیے کیا اچھا اور کیا برا ہے۔ سی پیک کے اگلے مرحلے میں صنعتی شعبے میں تعاون سے پاکستان جنوبی ایشیا میں صنعتی پیداوار کا مرکز بن کر ابھرے گا۔احسن اقبال نے کہا کہ تھر کے کوئلے کی قدرو قیمت سعودی عرب اور ایران کے تیل سے زیادہ ہے، کول مائیننگ اور تھر کے منصوبوں پر چین سرمایہ کاری کر رہا ہے، اب تک تھرکول میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کو حتمی شکل دی جاچکی ہے۔