عام انتخابات کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی: الیکشن کمیشن کا نوٹس، سیکریٹری خزانہ طلب
شیئر کریں
بجٹ میں عام انتخابات 2024 کے لیے مختص رقم ریلیز نہ کرنے پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ انتخابات کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی پر سیکریٹری خزانہ کو الیکشن کمیشن طلب کر لیا گیا۔ رواں مالی سال کے بجٹ میں عام انتخابات کے لیے 42ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔ وزارت خزانہ نے اب تک 10 ارب روپے مہیا کیے ہیں، بقیہ رقم کی فراہمی بغیر کسی معقول جواز کے تعطل کا شکار ہے، 8 فروری کے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے فوری طور پر17 ارب روپے درکار ہیں، اس رقم کی فراہمی کے لیے وزارت خزانہ سے بارہا رجوع کیا گیا، وزارت خزانہ کو رقم کی فوری فراہمی کے لیے تحریری یاد دہانی بھی کرائی گئی، رقم کی فراہمی سے متعلق ابھی تک کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے رقم فراہمی سے متعلق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کو بھی آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔