میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نئی اننگ کا آغاز، ن لیگ کے سیاسی مستقبل کا روڈ میپ آج تیار ہوگا، ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس طلب

نئی اننگ کا آغاز، ن لیگ کے سیاسی مستقبل کا روڈ میپ آج تیار ہوگا، ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس طلب

ویب ڈیسک
پیر, ۴ دسمبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ن لیگ کی نئی اننگ کے آغاز اور مستقبل کے سیاسی روڈ میپ کے حوالے سے اہم فیصلے آج ہوں گے۔ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن)کی نئی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ( پیر) کے روز اسلام آباد میں ہوگا جس میں درپیش چیلنجز اور سیاسی صورت حال سے نمٹنے کے ساتھ پارٹی کے مستقبل اور تنظیمی امور پر مشاورت کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن)کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے تمام ارکان کو اجلاس میں شرکت کے دعوت نامے جاری کر دیے گئے ہیں۔اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیراعلی بلوچستان، وزیراعلی گلگت بلتستان، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، چوہدری نثار، رانا ثنا بھی موجود ہوں گے۔ اسحاق ڈار سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا حصہ ہونے کے باوجود اجلاس میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن)کے مستقبل کے سیاسی سفر اور تنظیمی امور پر مشاورت کی جائے گی۔27رکنی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں راجہ ظفر الحق، شاہد خاقان عباسی، محمد شہباز شریف،چودھری نثار علی خان، خواجہ محمد آصف، محمد اسحاق ڈار، ایاز صادق، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، سردار ثناء زہری،راجہ فاروق حید، حافظ حفیظ الرحمان،چودھری برجیس طاہر،پرویز رشیدبھی شریک ہوں گے۔ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت فیصل اباد تعلق رکھنے والے اور پاکستان مسلم لیگ ن کے دو مرکزی راہنمائوں چودھری شیر علی اور صوبائی وزیر قانون رانا ثناء کے درمیان سینٹرل ایگزیکٹیوکے اجلاس سے قبل سیاسی اختلافات ختم کرکے انکے درمیان صلح کرائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق وزیرمملکت توانائی عابد شیرعلی اوران کے والد چودھری شیرعلی سابق ایم این اے اور صوبائی وزیر قانون رانا ثناء کے مابین فیصل آباد کی چودھراہٹ کا تنازعہ گزشتہ چندسالوں سے جاری تھا اور فریقین نے ایک دوسرے کو نیچادکھانے کے لیے ایڑی چوٹی کا نہ صرف زور لگاتے رہے، بلکہ دونوں دھڑوں کی طرف سے کرپشن اور جعلی پولیس مقابلوں کی آڑ میں اپنے مخالفین کو قتل جیسے سنگین الزامات بھی عائدکیے، اب ملک کی موجود ہ سیاسی صورت کے پیش نظرپاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے چودھری شیر علی اور صوبائی وزیر قانون رانا ثناء کے مابین صلح کرانے کا فیصلہ کیا ہے، اس لیے دونوں کو مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹیو کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹیوکا آج اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں دونوں رہنمائوں چودھری شیر علی اور صوبائی وزیر قانون رانا ثناء کے اختلافات ختم کراکے دونوں کو آئندہ کی سیاست میں اہم کردار سونپا جائے گا، تاکہ فیصل آباد میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی قیادت میں آئندہ انتخابات کے سلسلہ میں عوامی رابطہ مہم ایک ساتھ مل کر چلا سکے، سیا سی مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی نئی ٹیم کے ساتھ نئی سیاسی اننگز کا آغاز ہونے والا ہے اورآج اسلام آباد میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں غیر معمولی فیصلے متوقع ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت اس بات پر متفق نظر آتی ہے کہ اب جو مرضی ہو جائے اپنے حق کے لیے میدان عمل میں نکلیں گے اور ناانصافیوں کے تدارک تک بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔ میاں محمد نواز شریف اور ان کے قریبی حلقے نئی سیاسی جنگ میں جیت کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ ان کے سیاسی مخالفین کا کہنا ہے کہ اس سے محاذ آرائی کی سیاست زور پکڑے گی اور حالات بگڑے تو آئندہ عام انتخابات کا بروقت ہونا بھی مشکل ہو جائے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں