دہشتگردی ختم، کراچی میں رواداری کا دور شروع ہوچکا ہے، بلاول بھٹو
شیئر کریں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کراچی میں سازش کے تحت تعلیم یافتہ شہریوں پر مذہبی اور لسانی تعصب تھونپ دیا گیا اور اسٹریٹ کرائمز، بھتہ خوری اور دہشت گردی کو شہر کی پہچان بنا دیا گیا، ثابت کریںگے کہ بربادی کا دور ختم، رواداری کا دور شروع ہو گیا ہے، وعدہ کرتاہوں کہ اپنے نانا اور والدہ کی طرح سیاست کروں گا۔ ایک خصوصی انٹرویو بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی میرا شہر ہے اور آپ کا ساتھ چاہیے، ملکر اس شہر کو بدلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہر کہلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم دیہی اور شہری کی سیاست نہیں کرتے ہیں۔میں وعدہ کرتاہوں اپنے نانا اور اپنی ماں کے نقش قدم پر چلوں گا۔ میرا جنم بھی اسی شہر میں ہوا ہے۔ میں یقین دلاتا ہوں اس شہر کا کھویا ہوا مقام ہم مل کر واپس دلائیں گے۔ہم تباہی اور بربادی کا دور ختم کر یں گے۔جبکہ خصوصی افراد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا ہے کہ خصوصی افراد کی صلاحیتوں کو اجاگر اور بروئے کار لانے کے لیے مناسب مواقع اور سہولیات دی جانی چاہئیں تاکہ وہ معاشرے کی اجتماعی بہبود سمیت اپنی زندگی کو بہتر بنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی طور معذور افراد معاشرے پر بوجھ نہیں بلکہ وہ انسان ذات کے لیے باعث انسپائریشن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معاشرے پر واجب فقط اتنا سا تعاون درکار ہے کہ وہ ملکی ترقی میں اپنا حصہ ملاسکیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے حکومتِ سندھ کے ان اقدامات کو سراہا کہ سرکاری محکموں میں خصوصی افراد کے لیے نوکری کا کوٹہ 2 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد کردیا گیا ہے۔