قومی اسمبلی اجلاس ،حکومت کاآج تین اہم بل منظور کروانے کا فیصلہ
شیئر کریں
وفاقی حکومت نے 26ویں آئینی ترمیم کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس سے تین اہم بل منظور کروانے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 4 بجے ہوگا ۔ قبل ازیں اجلاس کا وقت پانچ بجے طے تھا مگراسپیکر ایاز صادق نے اجلاس کے وقت میں تبدیلی کی۔ذرائع کے مطابق حکومت آج قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اہم قانون سازی کرنا چاہتی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی اراکین کو ایوان میں اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ذرائع قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی ترمیمی بل بھی آج منظور ہونے کا امکان ہے ۔جس میں شک کی بناء پر سیکورٹی اداروں کو کسی بھی ملزم کو تین ماہ تک زیر حراست رکھنے کا اختیار دیا جا رہا ہے۔ جس پر بنیادی حقوق کے نمائندوں کا شدید اعتراض ہے۔ اطلاعات کے مطابق اجلاس میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی بل اور سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد میں اضافے کا بل بھی منظوری کے لیے پیش ہوگا، پریکٹس اینڈ پروسیجرایکٹ میں ترمیم سے آئینی بینچ کے سربراہ کو ججز کمیٹی میں شامل کیا جائے گا۔سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد 17سے بڑھا کر 25 کی جائے گی ۔حکومتی ارکان اسمبلی کو کل ایوان میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔