پی آئی اے کو اونے پونے داموں نہیں بیچیں گے ، وزیر نجکاری کا اعلان
شیئر کریں
وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کو اونے پونے داموں نہیں بیچیں گے ، میرا کام پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے ) کو ٹھیک کرنا نہیں بلکہ اسے فروخت کرنا ہے ۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل میرے آنے سے 6 ماہ قبل ہو چکی تھی، جو عمل پہلے شروع ہوچکا تھا اس میں کوئی تبدیلی نہیں کرسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میری ذمہ داری پی آئی اے کو ٹھیک کرنا نہیں بلکے اسے فروخت کرنا ہے ، میرے پاس قومی ایئرلائن کی نجکاری کرنے کے فریم ورک میں تبدیلی کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے ۔وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ کسی صوبائی حکومت کے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے ) خریدنے پر ہمیں اعتراض نہیں۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ میرے حلف اٹھانے سے پہلے ہی پی آئی اے کی نجکاری کا فریم بن چکا تھا اور 830 ارب خسارہ تھا، میں آکر فریم ورک میں تبدیلی نہیں کرسکتا تھا۔پی آئی اے کے ساتھ جس نے جو کیا وہ اپنے گریبان میں جھانکے ، کس کس نے بیڑا غرق کیا، کون سے ایسی پارٹی ہے جس نے پی آئی اے کو ڈبویا نہ ہو، اپنے اپنے دور میں حصہ ڈالا کسی نے کم اور کسی نے زیادہ ڈالا انہوں نے مزید کہا کہ کے پی، پنجاب یا سندھ حکومت جو بھی پی آئی اے لینا چاہتی ہے ہمیں اعتراض نہیں ہے ، اگر آج پنجاب ، کے پی کے ، سندھ اور بلوچستان حکومتیں اپنا اپنا شیئر خرید لیں تو پی آئی اے منافع بخش ہوسکتی ہے ۔واضح رہے کہ نواز شریف نے پنجاب حکومت کو پی آئی اے کی خریداری کی تجویز دی ہے جبکہ خیبر پختونخوا حکومت بھی پی آئی اے خریدنے کی پیش کش کر چکی ہے ۔