پنجاب حکومت ، ’پنجاب ایئر‘ کے نام سے نئی ایئرلائن شروع کرنیکا فیصلہ
شیئر کریں
صدر مسلم لیگ (ن) اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے ’پنجاب ایئر‘ کے نام سے نئی ایئر لائن لانچ کرنے کا فیصلہ کرلیا، پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے ) نہیں خرید رہی۔تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے پی آئی اے خریدنے سے متعلق جھوٹی خبروں سے گریز کیا جائے ۔دوسری جانب پنجاب حکومت کے ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے نجی سرمایہ کاروں کے تعاون سے نئی ایئر لائن ’پنجاب ایئر‘ لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کی فزیبلیٹی پر صوبائی حکومت جلد کام شروع کردے گی، پنجاب ایئر میں حکومت پنجاب کے شیئرز ہونے کا آپشن بھی زیرغور ہے ۔گزشتہ روز لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت پی آئی اے خریدنے پر غوروخوض کررہی ہے ۔نوازشریف نے کہا تھا کہ پنجاب حکومت کو تجویزدی ہے کہ پی آئی اے خریدلیں یاکوئی نئی ایئرلائن شروع کریں۔واضح رہے کہ 31 اکتوبر کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری کے لیے حتمی بولی لگانے کے عمل کے دوران 60 فیصد حصص کے لیے رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کمپنی بلیو ورلڈ سٹی کی جانب سے 10 ارب روپے کی صرف ایک بولی لگائی گئی تھی۔