میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی نظرانداز،اندرون سندھ ڈیڑھ ہزارکلومیٹرسڑکوں کی تعمیرکی منظوری

کراچی نظرانداز،اندرون سندھ ڈیڑھ ہزارکلومیٹرسڑکوں کی تعمیرکی منظوری

ویب ڈیسک
جمعه, ۴ نومبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے 46.3 ارب روپے کی لاگت سے شدید بارشوں/سیلاب سے تباہ ہونے والی 71 سڑکوں کی اوور ہالنگ/ تعمیر نو کی منظوری دی ہے تاکہ کام جلد از جلد شروع کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ تباہ شدہ سڑکوں کی اوور ہالنگ بالخصوص چھوٹی سڑکیں جو کھیتوں کو منڈی اور مختلف دیہات کو مرکزی شاہراہوں سے جوڑتی ہیں وہ معیشت کی بحالی کیلئے عوام کی سہولت و آمدورفت کیلئے اہم ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو وزیراعلی ہاس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیر ورکس ضیا عباس شاہ، چیف سیکرٹری سہیل راجپوت، چیئرمین پی اینڈ ڈی حسن نقوی، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی، سیکرٹری ورکس عمران عطا اور چیف انجینئر روڈز نے شرکت کی۔ وزیراعلی کو بتایا گیا کہ 23 اضلاع کی 71 سڑکیں جن کی مجموعی لمبائی 1473.38 کلومیٹر ہے وہ شدید بارشوں اور سیلاب سے تباہ ہوئی ہے، ان میں ضلع جامشورو میں 157.7 کلومیٹر کی 6سڑکیں، دادو میں 149.27 کلومیٹر کی 5سڑکیں، شہید بینظیر آباد میں 106.6 کلومیٹر کی 3 سڑکیں ، نوشہروفیروز میں 137 کلومیٹر کی 9 سڑکیں ، حیدرآباد میں 20.4 کلومیٹر کی 2 سڑکیں ، ٹنڈو الہیار میں 93.8 کلومیٹر کی 6 سڑکیں ، ٹنڈو الہیار میں ایک سڑک ،ٹنڈو محمد خان میں 19 کلومیٹر کی ایک سڑک، ٹھٹھہ میں 65 کلومیٹر کی 4 سڑکیں ، سجاول میں 55.5 کلومیٹر کی 2 سڑکیں ، بدین میں 71 کلومیٹرکی ایک سڑک، میرپورخاص میں 80 کلومیٹر کی 2 سڑکیں ، عمرکوٹ میں 20 کلومیٹر کی ایک سڑک، سانگھڑ میں 46 کلومیٹر کی 3 سڑکیں ، تھرپارکر میں 35 کلومیٹر کی ایک سڑک، سکھر میں 58 کلومیٹر کی 5 سڑکیں ، گھوٹکی میں 9 کلومیٹر کی ایک سڑک، خیرپور میں 23 کلومیٹر کی 2 سڑکیں ، شکارپور میں 67 کلومیٹر کی 3 سڑکیں ، جیکب آباد میں 45.45 کلومیٹر کی 3 سڑکیں ، کشمور۔کندھ کوٹ میں 52.29 کلومیٹر کی 3 سڑکیں ، لاڑکانہ میں 92.65 کلومیٹر کی 5 سڑکیں اور قمبر-شہداد کوٹ میں 67.2 کلومیٹر کی 3سڑکیں شامل ہیں۔ وزیر ورکس ضیا عباس شاہ نے وزیراعلی کو بتایا کہ سڑکوں کی لاگت کا تخمینہ 46.32 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے اسکیم کی منظوری دیتے ہوئے چیئرمین پی اینڈ ڈی حسن نقوی کو باقاعدہ حتمی شکل دینے اور جلد سے جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB)نے بھی صوبے کی کچھ بڑی سڑکوں کی مرمتی کام کیلئے مالی معاونت پر رضامندی ظاہر کی ہے جس کیلئے ضروری دستاویزات مکمل کئے جا رہے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں