بلدیاتی الیکشن میں تاخیر پر آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز سے رپورٹ طلب
شیئر کریں
سندھ ہائی کورٹ نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن میں تاخیر سے متعلق درخواست پر آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 10 نومبر تک ملتوی کردی۔سندھ ہائیکیورٹ میں کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن میں تاخیر سے متعلق جلد بلدیاتی الیکشن کرانے کی جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزاروں کے وکیل نے موقف دیا کہ الیکشن کمیشن نے تیسری دفعہ بھی الیکشن ملتوی کردیا۔ لا افسر الیکشن کمیشن عبد اللہ ہنجرہ نے موقف دیا کہ سیکیورٹی وجوہات پر الیکشن ملتوی کیے گئے ہیں۔ 9 نومبر کو الیکشن کمیشن نے فریقین کا اجلاس بلایا ہے۔ بات کرنے کا موقع نہ ملنے پر جماعت اسلامی کے وکیل عثمان فاروق کی عدالت سے تلخ کلامی ہوگئی۔ عثمان فاروق ایڈوکی نے موقف دیا کہ اگر مجھے بات نہیں کرنے دینا چاہتے تو آپ بتا دیں میں خاموش ہوجاں گا۔ سندھ پولیس کے پاس الیکشن کیلئے پولیس نہیں ہے مگر لانگ مارچ میں بھیجنے کیلئے نفری ہے۔ الیکشن کمیشن کے بجائے فیصلے کا اختیار عملا سندھ حکومت کے پاس آگیا ہے۔ عدالت نے آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 10 نومبر تک ملتوی کردی۔ دخواستوں میں موقف اپنایا گیا تھا کہ بارہ سے زیادہ امیدوار فوت ہوچکے ہیں، کئی امیدواروں کے پاس مہم چلانے کے وسائل ختم ہوچکے۔ الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی الیکشن میں جان بوجھ کر تاخیر کی۔ الیکشن کمیشن سندھ حکومت کی ایما پر کراچی میں بلدیاتی الیکشن کیلئے ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے۔