سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اسلام آباد کے نجی اسپتال منتقل
شیئر کریں
محکمہ داخلہ پنجاب سے اجازت ملنے پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق لیگی رہنما کو سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے الشفا اسپتال منتقل کیا گیا،پولیس ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کا نجی اسپتال میں ہرنیے کا آپریشن متوقع ہے ۔پمز کے میڈیکل بورڈ کی جانب سے طبی معائنے کے دوران سابق وزیر اعظم کے گردے اور مثانے میں پتھری کی تشخیص ہوئی تھی۔گذشتہ روز محکمہ داخلہ پنجاب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نجی اسپتال منتقل کرنے کی منظوری دی تھی،وزارت داخلہ پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات کے نام مراسلہ لکھاتھا جس میں کہا گیا کہ شاہد خاقان عباسی کو آپریشن کے لیے اسلام آباد کے نجی اسپتال منتقل کیا جائے ،ان کی اسپتال منتقلی کے دوران فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے ۔مراسلے کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو آپریشن کے بعد ڈاکٹرز کی مشاورت سے جیل منتقل کیا جائے گا۔