بھارت نے دریاؤں میں مزید پانی چھوڑ دیا، طوفانی بارشوں کا نیا الرٹ جاری
شیئر کریں
ہیڈ مرالا پر اونچے درجے کا سیلاب، 5لاکھ کیوسک کا بڑا ریلہ چناب میں داخل،سیلابی پانی کے بہاؤ کے پیش نظر پل ہیڈ خانکی کے قریب پہلا شگاف ڈالنے کی تیاریاں مکمل، علاقے خالی کر نے کیلئے اعلانات
پہلے سے بپھرے دریائے چناب سے خوفناک سیلابی ریلہ ملتان ڈویژن میں داخل ہوگیا، ستلج اور راوی کے بہاؤ میں مزید اضافہ،سیلابی صورتحال پر انتظامیہ ہائی الرٹ، متعدد دیہات خالی کرا لیے گئے
بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑے جانے اور بالائی علاقوں میں شدید بارش کے باعث دریائے چناب، ستلج اور راوی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہوگیا جبکہ پہلے سے بپھرے دریائے چناب سے خوفناک سیلابی ریلہ ملتان ڈویژن میں داخل ہوگیا۔مقبوضہ کشمیر کے علاقے اکھنور سے دوسرا بڑا ریلا پاکستان کے دریائے چناب میں داخل ہو گیا جس کے باعث دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور چناب پل کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر سیلابی صورتحال پر انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔پاکستانی حکام کے مطابق بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا سیلابی ریلا ہیڈ خانکی کی طرف بڑھ رہا ہے جبکہ سیلاب کے پیش نظر متعدد دیہات خالی کرا لیے گئے۔ادھر سیلابی پانی کے بہاؤ کے پیش نظر پل ہیڈ خانکی کے قریب پہلا شگاف ڈالنے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں، شگاف پانی کا بہاؤ 6 لاکھ کیوسک سے بڑھنے پر ڈالا جائے گا۔انتظامیہ نے 450 دیہات خالی کروانے کے لیے مساجد سے اعلانات بھی کر وا دیے ۔دریائے چناب میں بھارت کی جانب سے خطرناک سیلابی ریلہ چھوڑے جانے کے باعث ہیڈ مرالہ کے مقام پر 5 لاکھ 31 ہزار کیوسک کا ریلہ داخل ہوگیا۔پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 5 ستمبر تک دریاؤں کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہوگا جبکہ دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ مستحکم ہوگیا ہے۔بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے پانی چھوڑنے سے متعلق پاکستان کو آگاہ کر دیا گیا۔وزارت آبی وسائل نے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت نے دریائے چناب میں اخنور کے مقام سے پانی چھوڑا ہے جس کے سبب ہیڈ مرالہ پر پانی کا شدید دباؤ آ سکتا ہے۔ہیڈ مرالہ سے ہیڈ خانکی کے درمیان پانی کے شدید دباؤ کے باعث گجرات اور وزیرآباد کے اطراف دیہات زیر آب آسکتے ہیں۔


