بن قاسم پاور پلانٹ بند، کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا نیا سلسلہ شروع
شیئر کریں
کراچی میں بن قاسم کے نئے پاور پلانٹ تھری کی بندش سے 450 میگا واٹ بجلی کی کمی کی وجہ سے شہر میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایاکہ متاثرہ پاور پلانٹ کے ٹربائن کی مرمت میں 2 سے 3 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے، اس کے لیے پرزے بیرون ملک سے منگوائے جائیں گے۔بن قاسم ون پاور پلانٹ پرانا ہونے کی وجہ سے صرف 250 سے 300 میگا واٹ بجلی بنا رہا ہے۔بجلی کی کمی کی وجہ سے شہر میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، شہر کے مستثنیٰ علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، جہاں تین بار ڈیڑھ گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہونے لگی ہے۔شہر کے دیگر مختلف علاقوں میں 10 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ گیس ٹربائن بند ہونے سے بجلی کی پیداوار میں کمی ہو گئی ہے، بن قاسم کے پرانے گیس سے چلنے والے 2 یونٹس سے فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار شروع کی گئی ہے۔دوسری طرف ترجمان کے الیکٹرک نے دعوی کیا ہے کہ شہر میں اضافی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ رات کے اوقات میں کراچی کے علاقوں کورنگی، لانڈھی، بھینس کالونی، ملیر، سرجانی ٹائون، اورنگی، بلدیہ، کیماڑی، لیاقت آباد، سائٹ، اولڈ سٹی ایریا، ملیر، شاہ فیصل کالونی، یوسف گوٹھ، تیسر ٹائون، گڈاپ، کاٹھور، اسکیم 33، رزاق آباد، گلشن حدید، شاہ لطیف ٹائون، ماریپور، لیاری میں لوڈ شیڈنگ دورانیے میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔