میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عیدالاضحی پر آلائشیں ٹھکانے لگانے کا آپریشن ناکام

عیدالاضحی پر آلائشیں ٹھکانے لگانے کا آپریشن ناکام

ویب ڈیسک
منگل, ۴ اگست ۲۰۲۰

شیئر کریں

(رپورٹ:اسلم شاہ) کراچی میں عیدالاضحی کے موقع پر آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کا آپریشن ناکام ہوگیا، ٹھیکیدار کمپنی کا پہلا تجربہ انتہائی بدتر ثابت ہوا۔ عملے کوہیوی مشنری اور دیگر ضروری آلات کی فراہمی تک ممکن نہ ہوسکی۔ڈمپر اوورلوڈنگ، راستے میں آلائشیں گرانے کی شکایات بھی ملیں،ٹھیکیدار کمپنی کے عملے کی مختلف علاقوں میں آلائشیں اٹھانے کی 100/200روپے رقم طلب کرنے کی شکایات عام تھیں،سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے من پسند کمپنی کو ٹھیکہ دینے کے لیے سب سے کم بولی سے 1200/1600روپے زیادہ رقم کا ٹینڈر دینے والی کمپنی کو کراچی کے 16ٹاؤن کا ٹھیکہ الاٹ کردیا۔ بلراجی انٹرپرائز بڈمیں دوسرے نمبر پر آئی تھی۔ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے اس کمپنی کے 4110/4607روپے فی ٹن ریٹ دیئے تھے جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والی تمام کمپنیوں کاپہلے ہی کنٹریکٹ ڈس کوالیفائی کردیا گیا تھا جن میں گل رحمان اینڈ سنز، مہران شاہ بابر،سیف دین اینڈ کمپنی، سمیت دیگرآٹھ کمپنیوںکے نام شامل ہیں،اس بارے میں جی کیو ایس کمپنی کے ایگزیکٹو محمد سلیم کا کہنا تھاکہ محکمہ کو عید الاضحی کے موقع پر آلائشوں کو اٹھانے اورٹھکانے لگانے کا ٹھیکہ کم سے کم ریٹ دینے کے باوجود نہ ملنے کا افسوس ہے۔ میر ے ریٹ سے 1200/1500فی ٹن زائد کا ٹھیکہ دینے پر ٹھیکہ مشکوک ہوجاتا ہے لیکن میں نے افسران کے مجبور کرنے پر خاموشی اختیار کرلی۔ ہمارے پاس گاڑیاں اور دیگر ساز و سامان موجود ہے۔ میرے کام سے استفادہ کیا جاتا اورکارکردگی دکھانے کا موقع دیا جاتا تو 2999روپے فی ٹن پر عید کے موقع پر مثالی کام کرتے ، مجھ افسران نے بتایا کہ اتنے کم نرخ پر کام کیسے کرو گے، یہ تو بہت کم ریٹ دیا گیا ہے، اگر ٹھیکہ دیدیا گیا تو ادارے کو مشکل ہوجائے گی۔اس بارے میں کاشف گلزار شیخ، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ،ڈاکٹر غلام مجتبیٰ، اسسٹنٹ پروفیسرداؤد انجینئرنگ یونیورسٹی،عزیرمصطفی، ڈویژنل اکاؤنٹ آفیسر اے جی سندھ،سید صابر حسین شاہ، ڈائریکٹر آپریشن سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈپر مشتمل سی آر سی کمیٹی نے بھی جی کیو ایس کمپنی کی اپیل پریکسر درخواست مسترد کردی اور کہا ہے کہ کمپنی نے مقررہ وقت پر اپنے کاغذات جمع نہیں کرائے اور مذکورہ کمپنی کے ریٹ 2999روپے فی ٹن بہت کم ہے ، اس پر کمپنی اپنا آپریشن ورک نہیں کرسکتی،ٹرانسپورٹس چارجز، ملازمین کی تنخواہیں ادر دیگر اخراجات پورے کرنا ممکن نہیں ہے لہذاکمپنی کی درخواست کو مسترد کردیا گیا۔ عید الاضحی کا یہ آپریشن تین سے چار دن کی معیادکا ہوتا ہے جس میں تمام علاقوں میں سو فیصد کام مکمل کیا جائے گا،سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کورنگی کے ڈپٹی ڈائریکٹر طارق لطیف نے بتایا کہ جی کیو ایس کمپنی کے کاغذات نامکمل ہونے کی وجہ سے مسترد ہوئے ہیں۔ ہمیں کوئی دشمنی نہیں ضرور اس کے ریٹ بہت کم تھے لیکن کاغذات مکمل نہ ہوتو کون افسر رسک لے گا؟ کمپنی کے ذمہ داروں سے کاغذات مکمل کرنے پر زور دیا جو وہ مقررہ وقت میں نہ کرسکے ۔ اس میں محکمہ ذمہ دار نہیں ،اس طرح ہمیں تمام ادارے مانیٹرنگ کررہے ہیں تاہم ریحان ہاشمی چیئرمین ضلع میونسپل کارپوریشن وسطی نے کہا ہے کہ عید کے پہلے روز سولڈ ویسٹ کے کنٹریکٹر نے مطلوبہ گاڑیاں، دیگر سہولیات فراہم نہیں کی، سولڈ ویسٹ کے عملے کی جانب سے بعض علاقوں میں آلائشیں اٹھانے کے لیے رقم طلب کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ شکایات اور اطلاعات ملی ہیں جس سے سولڈ ویسٹ کے حکام کو آگاہ کردیا گیا ہے ،انہوں نے بتایا کہ پہلے دن آلائشوں کو اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کا آپریشن ہم نے ادارے کے ملازمین کے ساتھ رات تین بجے ختم کیا۔میئرکراچی وسیم اختر اورسندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکے حکام کو شکایات اور احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ، ان کا مطالبہ تھا کہ ضلع وسطی کو مطلوبہ تعداد میں گاڑیاں،عملے اور دیگر سامان فراہم کریں انہوں نے بتایا ہے کہ سولڈ ویسٹ ڈیپارٹمنٹ نے ہمیں بے یارمددگار چھوڑ دیا ہے۔ اگر کنٹریکٹر مطلوبہ سہولیات فراہم نہ کریں تو نوٹس لینا چاہیے۔ ریحان ہاشمی نے نمائندہ جرأت کو بتایا کہ عید قربان میں ہمیں دُہری مشکلات کا سامنا ہے ایک طرف سولڈ ویسٹ نے عید قربان کا آپریشن ناکام بنایا اوردوسری جانب جگہ جگہ سیوریج کے پانی کا ایشو موجود ہے اور کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کا عملہ چھٹی منارہا ہے۔ اس معاہدے کے تحت کام کی نوعیت، نقل و حمل اور تمام قسم کے کوڑے ٹھوس فضلہ کواٹھانا اور ٹھکانے لگانا ( مضر، میڈیکل،صنعتی فضلہ کو چھوڑ کر) شامل ہے ۔سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے ٹھیکیدارکی نہ مانیٹرنگ کی اور نہ اس کے کام کی نگرانی کی۔ لوڈر،ڈمپرٹرک،ایکسیوٹر،ٹریکٹر ٹرالی،سوزوکی اور چھوٹی گاڑیاں،اوور لوڈنگ کی خلاف ورزی پر پانچ ہزار جرمانے ،حادثات پر فی ٹرک دو ہزار جرمانے غی ٹی ایس سے نہ اٹھانے والے ٹرک کو فی 50ہزار روپے فی کس جرمانے عائدنہ کیاگیا۔واضح رہے کہ عید الاضحی پر سب سے زیادہ کلیکشن پوائنٹ ضلع کونسل کراچی کی دیہی اور شہری علاقوں کی حدود میں بنائے گئے تھے جن کی تعداد 104بتائی جاتی ہے ،کراچی کی شہری آبادی میں 67اورنگی ٹاون، 44نیوکراچی، 38ملیر،32نارتھ ناظم آباد،31گلبرگ،22گلشن اقبال،22سائٹ،18بلدیہ ٹاون، 12لیاقت آباد،9جمشیدٹاون،13ضلع جنوبی،4لانڈھی،4شاہ فیصل، 3کورنگی اور 3ماڈل کالونی میں کلیکشن پوائنٹ بنائے گئے تھے۔ ضلع ملیر،ضلع جنوبی کو اجتماعی طور پر کلیکشن پوائنٹ بنایا گیا ،ضلع شرقی میں شامل گلشن اور جمشید ٹاون کے الگ الگ پوائنٹ بنائے گئے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں