پاکستان دہشت گردی کے مشترکہ خطرے کا مقابلہ کررہا ہے، آرمی چیف
شیئر کریں
راولپنڈی(بیورورپورٹ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قندھار میں نیٹو قافلے پر کیے جانے والے خود کش حملے کی مذمت کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز قندھار میں نیٹوقافلے پر خود کش حملے کے نتیجے میں امریکی اسپیشل فورسز کے 2 جوانوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔آرمی چیف قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم متاثرہ خاندانوں کے دکھ اور درد کوسمجھتے ہیں، پاکستان دہشت گردی کے مشترکہ خطرے کا مقابلہ کررہا ہے، جبکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں ایسے خونی مناظر دیکھ چکا ہے۔علاوہ ازیں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور برطانوی ہائی کمشنر نے خطے کی سیکورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے جمعرات کو جی ایچ کیو میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور خطے کی سیکورٹی سے متعلق امور زیر غور لائے گئے۔برطانوی ہائی کمشنر نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں سراہا۔