حج کی پہلی نجی پرواز 214عازمین کو لے کر لاہور سے مدینہ روانہ
شیئر کریں
حج آپریشن کا آغاز ہوگیا ،پہلی نجی پرواز عازمین حج کو لے کر لاہور سے مدینہ منورہ روانہ ہوگئی۔لاہور سے مدینہ جانے والی پہلی پرواز 214 عازمین حج کو لے کر صبح 4 بج کر 45 منٹ پر لاہور ائیرپورٹ سے روانہ ہوئی ۔حکومت کی جانب سے صوبائی وزیر مذہبی امور سعید الحسن سمیت اعلیٰ حکام نے عازمین حج کو رخصت کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مذہبی امورسعید الحسن نے کہا کہ عازمین کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں، عازمین حج پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کریں۔دوسری جانب سرکاری اسکیم کے تحت جمعہ سے حج آپریشن کا آغاز ہوگا جبکہ 17اگست سے حاجیوں کی واپسی شروع ہوگی اور پوسٹ حج آپریشن 14ستمبر تک مکمل ہوگا۔اس سال پی آئی اے کی 300سو خصوصی پروازوں کے ذریعے 65ہزار سے زائد عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے ۔حج آپریشن کے سلسلے میں اسلام آباد ائیرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے جس کے تحت اسلام آباد ائیرپورٹ کے 10خصوصی کانٹرز کو مدینہ اور جدہ ائیرپورٹ سے لنک کردیا گیا ۔ایسے میں 22 ہزارعازمین کی امیگریشن اور پری کلیئرنس اسلام آباد ائیرپورٹ سے ہی مکمل کرلی جائیگی۔ حکومت نے حجاج کو مجموعی طور پر 5ارب روپے کے قریب رقم واپس کرنیکا فیصلہ کیا ہے ۔وزارت مذہبی امور کے مطابق فی حاجی 30سے 50ہزار روپے تک واپس کیے جائیں گے ۔رقوم واپسی کا فیصلہ حتمی منظوری کے لیے وفاقی کا بینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔