حکومت جے آئی ٹی پر قابو پانے میں ناکام ہوگئی ‘ اب اسے متنازع بنارہی ہے ‘ عمران خان
شیئر کریں
لاہور (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت جے آئی ٹی پر قابو پانے میں ناکامی ہوگئی تو اسے متنازع بنانے اور بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہے، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ٹویٹ میں کہا کہ (ن) لیگ اور موٹو گینگ کتنی جلدی بھول گئے کہ انہوں نے اسی جے آئی ٹی کی تشکیل پر کتنا جشن منایا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ حکمراں جماعت کے ارکان نے سپریم کورٹ کی جانب سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بننے پر فتح کے نشان بنائے اور مٹھائیاں تقسیم کیں تھیں، لیکن اب جے آئی ٹی قابو میں نہیں آرہی تو اسے بدنام کرنے کے لئے زور لگایا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسحاق ڈار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی گندی زبان کا استعمال اسحاق ڈار کو نہیں بچا سکتا۔سماجی رابطوں کی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں عمران خان نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ایک تصویر ہزار الفاظ پر بھاری ہوتی ہے، اسحاق ڈار کا پریشان چہرہ ان کا جرم بتا رہا ہے۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اسحاق ڈار شوکت خانم اسپتال پر حملہ آور ہو کر پستی کی نئی حد تک گر گئے ہیں، جبکہ شوکت خانم اسپتال کینسر کے 75 فیصد مریضوں کا مفت علاج کرتا ہے اور اس پر سالانہ 5 ارب روپے خرچہ آتا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ جنگ کے دنوں میں بھی اسپتالوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا، مگر شریف خاندان اور ان کے حواری شوکت خانم کو نشانہ بنا رہے ہیں جہاں کینسر کے غریب مریضوں کا علاج ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان اور ان کے حواریوں کو پاکستان میں بسنے والے غریب مریضوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے، کیونکہ یہ لوگ تو اپنے معمولی سے چیک اپ کے لئے بھی بیرون ملک بھاگتے ہیں۔عمران خان نے جہانگیر ترین اور شاہ فرمان کے ہمراہ اپنی تصویرشیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جب کسی قسم کی ندامت نہ ہو تو یہ چہروں سے واضح ہوجاتا ہے۔