میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بھارت میں ہندو عیسائی فسادات

بھارت میں ہندو عیسائی فسادات

ویب ڈیسک
اتوار, ۴ جون ۲۰۲۳

شیئر کریں

ریاض احمدچودھری

بھارتی ریاست منی پور میں جاری ہندو عیسائی فسادات شدت اختیار کر گئے۔ان عیسائیوں کا تعلق شیڈولڈ قبیلے اور ہندوؤں کا میتی برادری سے ہے۔ ہندو حملے کر کے 80 عیسائیوں کو ہلاک کر چکے ہیں۔ حملوں میں 250 عیسائی زخمی ہو چکے ہیں۔ سو سے زائد گاڑیوں اور گھروں کو نذرآتش کیا جا چکا ہے۔ ایک 21 گرجا گھروں اور عمارتوں کو جلایا جا چکا ہے۔ یہ فسادات تب شروع ہوئے جب ہندوؤں نے خود کو شیڈولڈ قبیلہ قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ منی پور وزیراعلیٰ نے ہندو کارڈ کھیلتے ہوئے اس مطالبے کی حمایت کی۔ ہندو اور عیسائیوں نے ایک دوسرے کے علاقے خالی کر دیئے۔دونوں علاقوں میں ٹرانسپورٹ کا نظام بھی معطل ہو چکا ہے۔ گورنر منی پور نے کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گولی مارنے کا حکم دیا ہے۔
بھارتی ریاست منی پور میں بھارت سے علیحدگی کا مطالبہ شدت اختیار کر گیا، وزیراعلیٰ نونگتھم بم بیرن سنگھ نے بھارتی حکومت کی طرف سے الحاق کا معاہدہ جعلی قرار دے ڈالا۔منی پور کی جلا وطن حکومت کے وزیر اعلیٰ نونگتھم بم بیرن کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں واضح کیا گیا ہے کہ آزادی ایکٹ 1947ء کے تحت منی پور کی آزاد حیثیت کو تسلیم کیا گیا تھا۔ بھارت نے الحاق شدہ ریاستوں کو صوبوں میں بدل کر آزادی ایکٹ 1947ء کی خلاف ورزی کی۔ منی پور میں آزادی اور بھارت سے علیحدگی کا مطالبہ 1949ء سے چل رہا ہے۔ 1980ء سے منی پور میں علیحدگی کی جدوجہد جاری ہے جس میں ہزاروں بھارتی فوجی، پولیس اہلکار اور عام شہری اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ 1972ء میں منی پور کو ریاست کا درجہ دے دیا گیا تھا۔بھارت میں اس وقت 15 سے زائد ریاستوں میں آزادی اور علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں، آج کی یہ نفرت، تقسیم اور ہتک آمیز رویہ بھارتی نام نہاد جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ بھارت میں اس وقت 67 علیحدگی پسند تحریکیں کام کر رہی ہیں۔ ان میں سے17بڑی اور 50چھوٹی تحریکیں ہیں۔ بعض اطلاعات کے مطابق بھارت میں 100سے زائد دہشت گرد تنظیمیں موجود ہیں۔ دراصل اپنی ان لا تعداد تنظیموں پر پردہ ڈالنے اور حقائق چھپانے کے لئے وہ پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ کرتا ہے۔بھارت کے صرف ایک صوبے آسام میں 34 علیحدگی پسند تنظیمیں ہیں۔ ان میں یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ، نیشنل ڈیمو کریٹک فرنٹ، کے ماتا پور لبریشن آرگنائزیشن برچھا کمانڈو فورس، یونائیٹڈ لبریشن ملیشیا ، مسلم ٹائیگر فورس، آدم سینا، حرکت المجاہدین، حرکت الجہاد، کارگورکھا ٹائیگر فورس، پیپلز یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ شامل ہیں۔ منی پور میں پیپلز لبریشن آرمی، منی پور لبریشن ٹائیگر فورس، نیشنل ایسٹ مائینارٹی فرنٹ، کوکی نیشنل آرمی، کوکی ڈیفنس فورس، ناگالینڈ میں نیشنل سوشلسٹ کونسل، تری پورہ میں آل تری پورہ ٹائیگر فورس ، تری پورہ آرمڈ ٹرائیبل والنٹیرز فورس ، تری پور مکتی کمانڈوز، بنگالی رجمنٹ ، مینرو رام میں پروفیشنل لبریشن فرنٹ، پنجاب میں ببر خالصہ انٹرنیشنل، خالصتان زندہ باد فورس، خالصتان کمانڈو فورس، بھنڈرانوالہ ٹائیگر فورس، خالصتان لبریشن فرنٹ، خالصتان نیشنل آرمی سمیت بھارت میں بائیں بازو کی کئی انتہا پسند تنظیمیں سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بھارت نے جن انتہا پسند تنظیموں پر پابندی نہیں لگائی ان میں پیپلز گوریلا آرمی، پیپلز وار گروپ نیکسلائٹس، تامل نیشنل ٹروپس، آصف رضا کمانڈو فورس رن ویرسینا ، ایل ٹی ٹی ای وغیرہ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ گوہاٹی میں رات کے وقت سڑکوں پر گوریلوں کا راج ہوتا ہے اس لیے غروب آفتاب کے بعد لوگ گھروں باہر نہیں نکل سکتے۔ حکومت کی جانب سے پابندیوں کے باوجود علیحدگی پسند اور دہشت گرد تنظیموں کی کاروائیاں انڈر گراؤنڈ جاری رہتی ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی پنجاب، ناگا لینڈ٫ بہار٫ مغربی بنگال٫ مقبوضہ کشمیر اور آزادی پسند ریاستوں کے تقریباً 66فیصد عوام بھارت سے اکتا چکے ہیں۔ گورکھا ٹائیگر فورسز اور علیحدگی پسندوں کی کاروائیوں سے بھارت کے انٹیلی جنس ادارے خود پریشانی کا شکار ہیں جبکہ بھارتی حکام اپنے ملک میں ہونے والی تمام تخریبی کاروائیوں کے اصل حقائق تک پہنچنے کے بجائے پاکستان پر الزام تراشی شروع کر دیتے ہیں۔
بھارت میں 100 سے زائد دہشت گرد تنظیموں میں سے 35تنظیمیں انتہائی خطرناک شمار کی جاتی ہیں۔ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس٫ بابری مسجد کے انہدام٫ گجرات فسادات اور مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف دہشت گردی اور قتل و غارت میں بھارت کی خطرناک دہشت گرد تنظیموں کا ہاتھ رہا ہے۔ تاہم ان سب تنظیموں میں سب سے زیادہ خطر ناک اور شدت تنظیم نکسل باڑی ہے جیسے ماؤ نواز علیحدگی پسند تنظیم کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے۔ پچھلے بیس سالوں کے دوران ماؤ باغیوں نے چھ ہزار سے زائد افراد مارے۔ اس تنظیم کی بڑھتی کارروائیوں کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 1996 میں ان کے حملوں میں صرف 156 افراد ہلاک ہوئے، جب کہ پچھلے سال ان کے ہاتھوں 1134 افراد مارے گئے۔ چونکہ ان کے ٹارگٹ زیادہ تر سیکورٹی اہلکار ہوتے ہیں، اس حوالے سے یہ تعداد کم نہیں۔ گزشتہ چند برسو ں سے بھارت کی مختلف ریاستوں میں نکسل باڑیوں نے قیامت برپا کر رکھی ہے۔
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں