ٹیسوری گورنری بچانے میں کامیاب، حکومت کا تین صوبوں میں نئے گورنرز تعینات کرنے کا فیصلہ
شیئر کریں
وفاقی حکومت اور پیپلزپارٹی نے معاہدے کے تحت پنجاب میں سردار سلیم حیدر، فیصل کریم کنڈی کو خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں جعفر مندو خیل کو گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی جس میں پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے نئے گورنرز کی تقرری کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔بلاول بھٹو زرداری ملاقات کے لیے وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تو شہباز شریف نے اُن کا استقبال کیا اور ظہرانہ بھی دیا۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی جبکہ گورنرز کی تقرری پر بھی مشاورت کی۔بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لئے مختلف نام تجویز کیے جن میں سے دو صوبوں میں پیش کیے گئے ناموں کی وزیراعظم نے منظوری دی۔ ملاقات میں فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبرپختونخوا، جعفر مندو خیل کو بلوچستان کا گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سندھ کی گورنری کا عہدہ ایم کیو ایم کے پاس رہے گا اور کامران ٹیسوری بطور گورنر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے ۔اس کے علاوہ پنجاب میں بلاول بھٹو کی تجویز پر سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔