میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
وفاق کورونا کے بجائے سندھ حکومت سے لڑرہا ہے، بلاول بھٹو

وفاق کورونا کے بجائے سندھ حکومت سے لڑرہا ہے، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک
پیر, ۴ مئی ۲۰۲۰

شیئر کریں

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی وبا ملک میں ایک تشویش ناک صورت حال اختیار کرتی جارہی ہے ،کورونا وائرس سے بڑھتی اموات کی تعداد میں اضافہ حکومتوں کے لئے الارمنگ ہے ،وفاقی حکومت کے رویہ پر افسوس ہے کہ وہ کورونا کے بجائے سندھ حکومت سے لڑرہے ہیں،فرنٹ لائن پر اپنا موثر کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز کی جدوجہد کو سلام کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ،صوبائی وزیرصحت اورپاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو کورونا وائرس کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ اس موقع پرصوبائی وزیرصحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، ڈاکٹر باری اور ڈاکٹر فیصل نے سندھ کے محکمہ صحت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا ملک میں ایک تشویش ناک صورت حال اختیار کررہی ہے اور اموات کی تعداد میں اضافہ حکومتوں کے لئے الارمنگ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کی وجہ سے ملک بھر میں کرونا وائرس کے خلاف بروقت اقدامات کا سلسلہ شروع ہوا اگر سندھ حکومت فوری اقدامات نہ کرتی تو کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال مزید بگڑسکتی تھی،آج دنیا میںزندگیاں محفوظ بنانے کے حوالے سے سندھ حکومت کے اقدامات کی تعریف ہورہی ہے ،وفاقی حکومت کے روئیے پر افسوس ہے کہ وہ کرونا کے بجائے سندھ حکومت سے لڑرہے ہیں۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد اوروفد کے دیگرارکان ڈاکٹر قاضی واثق اور کراچی چیپٹر کے صدر ڈاکٹر شریف ہاشمانی سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ فرنٹ لائن پر اپنا موثر کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز کی جدوجہد کو سلام کرتا ہوں ۔انہوں نے کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کرنے والے پیرا میڈیکل اور لوئر میڈیکل اسٹاف کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے افراد ہمارے حقیقی ہیرو ہیں،کورونا وائرس سے زندگیاں بچانے والے طبی عملے کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی یہ سمجھتی ہے کہ کورونا وائرس کی وبا میں سب سے اہم رائے ڈاکٹرز کی ہے حکومتوں اور مختلف شعبوں کے ذمہ دار افراد کو چاہیے کہ وہ ان حالات میں ڈاکٹرز کی رائے کو سامنے رکھ کر اپنی پالیسیاں تشکیل دیں۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد نے ڈاکٹروں کے مسائل اور خدمات سے بلاول بھٹو کو آگاہ کیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں