
مصطفی قتل کیس ،ملزم شیراز کا اعترافِ جرم سے انکار
شیئر کریں
اعترافی بیان کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے ، مجھے کہا گیا اعتراف کرو گے تو کم سزا ملے گی، ملزم شیراز
میں ملزم نہیں، چشم دید گواہ ہوں، ملزم کے بیان پر تفتیشی افسر کی اعترافی بیان کی درخواست مسترد
مصطفی عامر قتل کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے ، جس کے مطابق ملزم شیراز نے اعترفِ جرم سے انکار کردیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کے روبرو مصطفی عامر کے اغوا اور قتل کیس کی سماعت ہوئی، جس میں ملزم شیراز نے بیان دیا کہ اعترافی بیان کے لیے مجھ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے ۔ مجھے کہا گیا ہے کہ اعتراف کرو گے تو کم سزا ملے گی۔ملزم کے بیان پر عدالت نے تفتیشی افسر کی ملزم شیراز کی اعترافی بیان کی درخواست مسترد کردی۔ دوران سماعت ملزم شیراز نے عدالت کے سامنے اعتراف جرم سے انکار کردیا۔عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کاکہناہے کہ وہ اس کیس کا گواہ ہے ، اس کے سامنے ارمغان نے مصطفیٰ عامر کو قتل کیا۔ ملزم نے بتایاکہ وہ بے بس اورلاچارتھا اس لیے کچھ نہیں کرسکا۔ملزم کاکہناہے کہ اس نے آج تک جوپولیس کو بتایاوہ گواہ بن کربتایاتھا۔تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم کاآج کابیان ہمارے حق میں گیاہے ۔ ملزم نے اعتراف کیاہے کہ اس کے سامنے قتل ہوا۔ ملزم شیراز نے کہا کہ میں ملزم نہیں بلکہ چشم دید گواہ ہوں۔ میں واحدچشم دید گواہ ہوں جس کے سامنے ارمغان نے مصطفی عامرکو وحشیانہ اندازمیں قتل کیا۔ میں وقوعہ کے وقت بے بس تھا۔ مجھے اس کیس میں پھنسایاجارہاہے ۔ارمغان نے لوہے کے راڈ سے مارا، پھر اسے گن پوائنٹ پر بلوچستان لے کرگیا اور وہاں گاڑی سمیت جلادیا۔