سابق میئر وسیم اختر نیب ریڈار پر آگئے، باغ ابن قاسم کی بحالی پر خرچ فنڈز کی تفصیلات طلب
شیئر کریں
کراچی کے سابق میئر وسیم اختر نیب کے ریڈار پر آگئے، نیب نے باغ ابن قاسم کی بحالی پر 4 سال کے دوران خرچ کیے گئے فنڈز کی تفصیلات طلب کرلی ہے۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں پارکس کی بحالی کے منصوبوں میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے،کرپشن کے اطلاعات پر قومی احتساب بیورو (نیب) نے تحقیقات شروع کردی ہے، نیب نے شروعاتی تحقیقات کے بعد کے ایم سی کے شعبہ باغات اور باغ ابن قاسم کے نگران کو نوٹس ارسال کردیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ باغ ابن قاسم کی بحالی کے منصوبے کے وقت فنڈز میں کرپشن کے بارے میں متعلقہ ریکارڈ اور معلومات آپ کے پاس موجود ہے، اس لیے آپ ذاتی طور پر پیش ہوں۔باغ ابن قاسم کے نگران سے سابق میئر وسیم اختر کے4 سالہ دور کے دوران مختص کیے گئے فنڈز کی تفصیلات حاصل کی گئی ہیں، جبکہ سال 2016 سے 2020 تک خرچ کیے گئے فنڈز کا ریکارڈ بھی حاصل کیا گیا ہے۔