جی ڈی اے8 فروری کو ملک گیر یوم سیاہ منائے گا،پیر پگارا
شیئر کریں
ریاست مخالف پروپیگنڈا برداشت نہیں کیا جائے گا، ملکی سلامتی پرسمجھوتا ناقابل قبول ہے
حکمرانوں کے پاس ملک چلانے کی اہلیت و قابلیت نہیں، علماء مشائخ کے وفد سے ملاقات
مسلم لیگ فنکشنل اور جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا نے علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ ریاست مخالف پروپیگنڈا برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملکی سلامتی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکمرانوں کے پاس ملک چلانے کی اہلیت و قابلیت نہیں اور ملکی اداروں کی مسلسل تباہ حالی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ موجودہ حکمران عوامی توقعات پر پورا نہیں اتر رہے۔ پیر پگارا نے کہا کہ ملک میں کرپشن، نااہلی اور غلط پالیسیوں نے مضبوط اداروں کو کمزور کر دیا ہے جس کے باعث عام شہری مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کا شکار ہیں جبکہ روزمرہ استعمال کی اشیاء عوام کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں اور تعلیم یافتہ نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لیے روزگار کے لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لا قانونیت اور بڑھتی ہوئی بے امنی حکومت کی رٹ ختم ہونے کا ثبوت ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سیاسی دباؤ کے باعث آزادانہ طور پر اپنا کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں۔پیر پگارا نے اعلان کیا کہ جی ڈی اے 8 فروری کو ملک بھر میں یوم سیاہ منائے گا جس کا مقصد فارم 47 کے ذریعے مسلط اسمبلیوں اور حکومتوں کو یکسر مسترد کرنا اور عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ آزاد، خودمختار اور غیر جانبدار الیکشن کمیشن کے تحت شفاف، منصفانہ اور آزاد انتخابات ہیں۔


