جماعت اسلامی کے بغیر وفاقی وصوبائی حکومت نہیں چل سکے گی، حافظ نعیم الرحمن
شیئر کریں
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اب جماعت اسلامی کے بغیر وفاقی وصوبائی حکومت نہیں چل سکے گی، انتخابی مہم اپوزیشن میں بیٹھنے کے لیے نہیں چلا رہے،ہم اپنی پارٹی یا ذات کے لیے نہیں بلکہ عوامی ایجنڈے اور اپنے منشور کراچی کے مطابق حکومت میں شامل ہوں گے اورکراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز و قانونی حقوق حاصل کریں گے۔ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی شہر میں امن و امان خراب اورخوف و ہراس پھیلاکر ایسا ماحول پیدا کرنے چاہتی ہیں کہ من پسند نتائج حاصل کرسکیں، نیو کراچی میں ہونے والے جھگڑے میں ایک معصوم بچے گولیاں لگنے کا واقعہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ پر واضح کردیا ہے کہ انٹر کے متنازع نتائج درست نہ کیے گئے تو بھرپور احتجاج اور مزاحمت کی جائے گی، انٹر سال اول کے نتائج معطل کیے جائیں، امتحانی کاپیوں کو محفوظ کرنے کے لیے انہیں سیل کیا جائے اور ایک کمیٹی تشکیل دے کر ری چیکنگ کی جائے۔ جماعت اسلامی کسی صورت کراچی انسٹی ٹیوٹ ہارٹ ڈیزیزکے شعبہ نرسنگ کو ٹھیکے پر نہیں دینے دے گی، سندھ کے 312 ارب روپے کے تعلیمی بجٹ کو تعلیم اور تعلیمی اداروں پر خرچ کریں گے،ہر شہری کے لیے تعلیم کے دروازے کھولے جائیں گے، کراچی میں اب لسانیت و عصبیت کا منجن نہیں چلے گا، عوام ایک ہوگئے ہیں،اب وڈیروں اور ان کے آلہ کاروں کو لڑائیں گے۔کراچی کے نوجوان ہمت سے کام لیں اور تعلیم حاصل کریں،جماعت اسلامی نوجوانوں کے ساتھ ہے۔ان خیالات کا اظہاانہوں نے ہفتہ کو ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس اور جماعت اسلامی کے تحت فٹ بال اسٹیڈیم سعید آبادنمبر8 بلدیہ ٹاؤن میں منعقدہ ’’بنوقابل TEST APTITUDE‘‘میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پریس کانفرنس میں جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان،رکن سٹی کونسل قاضی صدر الدین،سیکریٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبی،نائب صدرپبلک ایڈ کمیٹی عمران شاہد،فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کے کونسلر ابن الحسن ہاشمی، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔جبکہ امیر جماعت اسلامی ضلع کیماڑی و امیدوار این اے 242فضل احد، امیدوار این اے 243شیراز خان جدون، امیدوار پی ایس 113ارشد قریشی ودیگر بھی موجود تھے۔