سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی دینے کا اعلان
شیئر کریں
الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی دینے کا اعلان کردیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کیلئے (آج) جمعرات سے کاغذات نامزدگی دینے کا اعلان کردیا ہے ، سینٹ انتخابات کیلئے انتخابی پروگرام 11 فروری کو جاری کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ تمام متوقع امیدواروں کی سہولت کے پیش نظر کاغذات نامزدگی فراہمی کا آغاز آج سے کر دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی دو نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن شاہراہ دستور سے وصول کیے جا سکتے ہیں، صوبائی نشستوں کیلئے متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر کے دفاتر سے کاغذات نامزدگی کی وصولی ہو سکیں گے، کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت امیدوار پارٹی ٹکٹ منسلک کریں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آزاد حیثیت سے حصہ لینے والے امیدواران پارٹی ٹکٹ منسلک کرنے سے مبرا ہیں، امیدوار اپنے انتخابی اخراجات کرنے کے حوالے سے کسی بھی بینک میں مخصوص اکائونٹ کا اجرا کروا لیں ،اکائونٹ نمبر کاغذات نامزدگی میں درج کرنا ضروری ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق امیدوار کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے انتخابی اخراجات اس مخصوص بینک اکائونٹ کے علاوہ کسی بھی دوسرے بینک اکائونٹ سے کرنے کا مجاز نہیں۔بیان کے مطابق ایک امیدوار کیلئے انتخابی اخراجات کی حد 15 لاکھ روپے مقرر ہے، اکائونٹ کھولتے وقت 15 لاکھ سے زیادہ رقم بینک اکانٹ میں نہ رکھی جائے۔