میڈیا کا بزنس بھی حکومت پر انحصار کر کے نہیں چلے گا، فواد چودھری
شیئر کریں
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ میڈیا سمیت تمام نجی کاروبار کرنے والوں کو حکومت پر انحصار کرنے کے بجائے اپنا سٹرکچر خود ہی بہتر بنانا ہو گا،
ماضی کی حکومتوں نے خزانہ خالی چھوڑا ہے ، ہم حج پر بھی سبسڈی نہیں دے پارہے ہیں ،ہمار ی کچھ حدود ہیںجن سے تجاوز نہیں کر سکتے ۔ ایک انٹرویو میں وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہاکہ کوئی بھی نجی کاروبار حکومت پر انحصار کر کے نہیں چلتا اور میڈیا کا بزنس بھی حکومت پر انحصار کر کے نہیں چلے گا۔
انہوںنے کہاکہ نجی کاروبار کی ایک اپنی نوعیت ہوتی ہے ایک فزیبلٹی ہوتی ہے جس کے مطابق انہوں نے چلنا ہے جس کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور جدید پیٹرن کو اپنانا ہو گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میڈیا سے تعاون تو کیا جاتا ہے لیکن اصل مسئلہ میڈیا کو تعاون کا نہیں بلکہ میڈیا کے اسٹرکچر کا ہے جسے ٹھیک کرنا ہو گا ۔انہوںنے کہا کہ جب تک میڈیا ماڈرن کلچر کو نہیں اپنائے گا، ماڈرن ٹرینڈز کو نہیں لائے گا، جدید پیٹرنز نہیں اپنائے گا ترقی کرنا مشکل ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ میڈیا کو اپنے خرچے کنٹرول کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے قومی خزانے میں کچھ بھی نہیں چھوڑا، یہی وجہ ہے کہ ہم حج پر بھی سبسڈی نہیں دے پا رہے، ملکی معاشی حالات ایسے نہیں کہ ہم نجی کاروبار کرنے والوں کو سہارا دے سکیں اس لیے میڈیا سمیت تمام نجی کاروبار کرنے والوں کو حکومت پر انحصار کرنے کے بجائے اپنا سٹرکچر خود ہی بہتر بنانا ہو گا ۔