الٹی میٹم ختم ، جماعت اسلامی آج وزیر اعلیٰ ہائوس پر دھرنادے گی
شیئر کریں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بلدیاتی انتخابات کے التواء کے لیے سندھ حکومت کے الیکشن کمیشن کو ارسال کردہ خطوط واپس لینے کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے دیئے گئے 24گھنٹوں کے الٹی میٹم کے ختم ہونے کے بعد جمعرات 5جنوری کو شام 4بجے وزیر اعلیٰ ہائوس پر دھرنے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابا ت کے التواء کے لیے گورنر ہائوس ، وزیر اعلیٰ ہائوس اور بلاول ہائوس میں کی جانے والی سازشوں اور کوششوں کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ ُپر امن احتجاجی دھرنا ہمارا آئینی و قانونی اور جمہوری حق ہے ، شہر قائد ایک بار پھر نفرت و تعصب اور لسانی سیاست اور اس کے بھیانک نتائج کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کے الٹی میٹم مکمل ہونے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔