الیکشن کا پیغام دے دیا گیا، شیڈول طے کرنا باقی ہے، شیخ رشید کا دعویٰ
شیئر کریں
سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ و سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ الیکشن کا پیغام دے دیا گیا ہے، بس شیڈول طے کرنا باقی ہے، قوم الیکشن کی تیاری کرے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ غریب آدمی برے حالات کے لئے کمر کس لے، 8بجے دکانیں بند کرنے پر حکومت صوبوں اور تاجر تنظیموں کو اعتماد میں لے، حکومت نہ معاشی استحکام لا سکی ہے نہ سیاسی، نہ ہی اپنے حلقوں میں جانے کے قابل ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر مقبول فیصلوں سے سارا نقصان (ن) لیگ اور اس کے اتحادیوں کا ہوا ہے، سٹاک ایکسچینج اور زرمبادلہ کے ذخائر آدھے اور مہنگائی تگنی ہو گئی ہے، الیکشن کا پیغام دے دیا گیا ہے، شیڈول طے کرنا باقی ہے، قوم الیکشن کی تیاری کرے،الیکشن ہی سیاسی اور معاشی استحکام لائے گا۔ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ افغانستان کے معاملے پر سوچ سمجھ کر بیان دیں، وزیر خارجہ سیلاب زدگان بچوں کے ساتھ تصویریں بنوانے کی بجائے سیلاب زدگان کی مدد کریں، اعظم سواتی کی رہائی خوش آئند ہے۔