روسی ہدایت کار نے ٹام کروز کو شکست دے دی
شیئر کریں
روسی ہدایت کار کلیم شپینکو نے خلا میں شوٹ کی گئی اپنی فلم کا ٹریلر جاری کرکے ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز کو شکست دے دی ہے۔ یہ خبر 2020ء میں سامنے آئی تھی کہ ٹام کروز امریکی خلائی ایجنسی ناسا اور اسپیس ایکس کے ساتھ مل کر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر دنیا کی پہلی فلم کی شوٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اسی سال کچھ ماہ بعد روس نے بھی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر فلم کی شوٹنگ کا اعلان کیا۔ اس لیے خلا میں پہلا فلم ساز بننے کی دوڑ میں روسی ہدایت کار کلیم شپینکو نے واضح طور پر ٹام کروز کے پروجیکٹ کو شکست دے دی ہے۔ روسی ہدایت کار نے خلا میں شوٹ کی گئی اپنی فلم کا ٹریلر جاری کردیا ہے۔ اس فلم کی کہانی ایک خاتون سرجن کے گرد گھومتی ہے جو کہ ایک خلاباز کو بچانے کے لیے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن جاتی ہے۔اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے روسی اداکارہ یولیا پیریسالڈ کا انتخاب کیا گیا تھا۔ البتہ، ٹام کروز کی خلا میں فلم کی شوٹنگ کہاں تک پہنچی اس بارے میں ابھی تک کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔