ایم کیوایم شکست کے خوف سے بلدیاتی انتخابات سے فرارچاہتی ہے،سعیدغنی
شیئر کریں
وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا سندھ سے صفایا ہوچکا ہے، پتا نہیں یہ کیا کھا کر یا نشہ کر کے آتے ہیں جو کہتے ہیں کہ سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان چاہتی ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات نہ ہوںکیونکہ ان کو یقین ہے اگر دو چار ماہ میں بلدیاتی الیکشن ہوئے تو ان کا حشر بھی پی ٹی آئی جیسا ہوگا۔ پی ٹی آئی کے ارسطو وزیر جنہیں وزارت سے برطرف کردیا گیا تھا، وہ ارسطو فرماتے ہیں سندھ کا بلدیاتی قانون پاکستان کے لیے خطرہ ہے۔ وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، ماہر معیشت کہتے رہے ہیں آئی ایم ایف سے معاہدہ ملک دشمنی ہے۔ سولجر بازار واقعہ کے فوری بعد وفاقی وزیر کے بیان پر انہیں اس قتل میں شامل تفتیش کیا جانا چاہیے۔حلیم عادل نیازی سرکس کے مسخرے ہیں،مجھے سمجھ نہیں آتی ان کو کون دھکیاں دے گا۔یہ وہ اداکار ہیں کہ جب بولتے ہیں تو اس سے ہماراہی فائدہ ہوتا ہے۔ ان کودھمکیاں ملی ہیں اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر کے روز اپنے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ موجودہ نااہل اور نالائق وفاقی حکومت نے ملکی معیشت کوآئی ایم ایف کے آگے گروی رکھ دیا ہے، انہوںنے کہا کہ ایک ارسطو جسے پہلے بھی وزارت سے ہٹا دیا گیا تھا انہوںنے کل کہا ہے کہ سندھ کا بلدیاتی نظام اس ملک کے لئے خطرہ ہے اور یہ وہ صاحب کہہ رہے ہیں جنہوں نے آتے ہی پنجاب میں بلدیاتی نظام ختم کیا جو سپریم کورٹ کے احکامات پرانہیں بحال کرنا پڑا اور ایک ماہ بعد انہوں نے پھرختم کردیا۔ سعید غنی نے کہا کہ کہتے ہیں مردم شماری ہم نے کی۔ ان نالائقوں کو یہی نہیں معلوم کہ مردم شماری صوبائی نہیں وفاقی حکو مت کرواتی ہے اور جب سندھ میں مردم شماری ہوئی تو ہماری ایڈمنسٹریشن نے ان کی معاونت کی اور ہم نے اس وقت بھی کہا تھا کہ ایک کاپی اس کی ڈپٹی کمشنر کو دی جائے تاکہ کسی اعتراض کی صورت میں اس کا سدباب کیا جاسکے لیکن انہوں نے ہم سے ڈیٹاشیئرنہیں کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ یہ بھی کہا گیا کہ سندھ حکومت نے کوووڈ میں لوگوں کی مدد نہیں کی۔