الیکشن کمیشن کا ای وی ایم پر ٹیکنیکل کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ
شیئر کریں
فواد چودھری نے کہا ہے کہ الیکش کمیشن کا ای وی ایم پر ٹیکنیکل کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ احسن اقدام ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پارلیمان کے فیصلے تمام اداروں کیلئے مقدم ہیں، انتخابات میں الیکشن کمیشن کے چیئرمین اور ممبران کا کردار انتہائی اہم ہے، حکومت ان معاملات پر الیکشن کمیشن سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی والے الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے خوفزدہ ہیں، یہ دونوں جماعتیں ٹھپہ مافیا کی ماسٹر مائنڈ ہیں، (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی نے ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے الیکشن جیتے ہیں، ای وی ایم کے ذریعے ووٹنگ سے اپوزیشن کی دھاندلی زدہ سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہوجائے گی۔حسان خاور کا کہنا تھا کہ ای وی ایم سے الیکشن کے اعلان پر دھاندلی سے الیکشن جیتنے والی جماعتوں پر لرزہ طاری ہے، شفاف الیکشن ووٹ کی حرمت کیلئے ضروری ہیں، قوم ای وی ایم کے ذریعے ووٹنگ کی حامی ہے، انتخابات میں ای وی ایم تھرڈ امپائر کا کردار ادا کرے گی، الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے خوفزدہ اپوزیشن کو اپنا سیاسی مستقبل تاریک نظر آرہا ہے۔