کاروباری ہفتے کا پہلا روز، ایک گھنٹے میں پاکستانیوں کے اربوں روپے ڈوب گئے
شیئر کریں
کاروباری ہفتے کا آغاز ہوتے ہی جہاں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے وہیں اسٹاک مارکیٹ کو بھی ریورس گیئر لگ گیا اور سرمایہ کاروں کو صبح سویرے ہی اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑ گیا۔گزشتہ ہفتے مندی پر بند ہونے والی پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کا نئے ہفتے میں آغاز شدید مندی کے ساتھ ہوا ہے ۔ کاروبار کا آغاز ہونے کے صرف ایک گھنٹے کے اندر ہی 100 انڈیکس میں 761 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ انڈیکس حالیہ کمی کے بعد 40 ہزار کی نفسیاتی حد کھو کر 39 ہزار 735 پوائنٹس پر آگیا ہے ۔واضح رہے کہ سٹاک مارکیٹ میں 5 دن ٹریڈنگ ہوتی ہے ۔ گزشتہ ہفتے سٹاک مارکیٹ میں 75 کروڑ 99 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 48 ارب 56 کروڑ روپے رہی جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 28 ارب روپے کی کمی ہوئی اور یہ 8 ہزار 67 ارب روپے رہ گئی تھی جس میں حالیہ کمی کے بعد مزید کمی آئی ہے ۔ پیر کو کاروباری ہفتے کا آغاز ہوتے ہی ڈالر نے پیچھے کی طرف لمبی چھلانگ لگائی۔ انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر تین روپے 5 پیسے سستا ہوگیا جس کے بعد اس کی قیمت 136 روپے پر آگئی ہے ۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ڈالر نے لمبی چھلانگ لگائی اور یہ 142 روپے تک پہنچ گیا تھا تاہم سٹیٹ بینک کی مداخلت کے بعد یہ 139 روپے 5 پیسے پر آگیا تھا۔