ختم نبوت مسلمانوں کا ریڈ زون ہے، ثروت اعجاز
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سچائی مرا نہیں کرتی سچائی کو قبول نہ کرنے والے تاریخ میں مٹ جاتے ہیں ،ختم نبوت مسلمانوں کو ریڈ زون ہے ،ریڈ زون میں گھسنے اور چوری کی سزا کو یقینی بنانے کیلئے عدالت عظمی کردار ادا کرئے ، جشن ولادت منانے والے عاشقان رسول نے پاکستان کی سلامتی وبقاء کیلئے مثبت کردار ادا کیا ہے ، جنازے اٹھانے تکلیفوں اور پریشانیوں کے باوجود پاکستان کی قسمت عاشقان رسول کے ہاتھوں میں ہے ،تاجدار ختم نبوت اور میلاد جلوس میں شہید کارکنوں کو سلام پیش کرتے ہیں ،دہشت گرد دیکھ لیں ہم جنازے اٹھانے کے باوجود سرکار دو عالم کا میلاد شایان شان طریقے سے منارہے ہیں ،ہماری جان ومال سرکار مدینہ کے طفیل ہے، سرکار کے میلاد اور ختم نبوت پر جانیں قربان کرنیوالوں نے اپنے آپ کو امر کردیا ،دہشت گردی کے خلاف 70 ہزار سے زائد شہید ہونیوالے پاک فوج کے جوانوں، رینجرز وپولیس سمیت شہریوں کو سلام پیش کرتے ہیں ،پشاور میں ہونیوالے دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔یوم عید میلاد پر دہشت گردی کے پیچھے افغانستان اور بھارت کے دہشتگردوں کا ہاتھ ہے ،ایک دفعہ پھر عبادت گاہوں پر دہشتگردی کے حملے بین الاقوامی سازش ہے پاکستان کو شام ،عراق ،افغانستان بنانے کی کوشش ہورہی ہے بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کرارہا ہے ،پاک فوج اعلان کرئے ملک کے ہر کونے سے دہشتگردوں کو باہر نکال لائیں گے ،عوام دہشتگردی کے خلاف ٹھوس چٹان ہیں۔،ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائش چورنگی عید میلاد النبیؐ کے جلوس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،ان کے ہمراہ سینئر مرکزی رہنما محمد شاہد غوری ،ارکان رابطہ کمیٹی محمد مبین قادری ،فہیم الدین شیخ ،محمد طیب قادری ،محمد آفتاب قادری ،علامہ طارق المدنی ،علامہ عنصر قادری ودیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے امیر علامہ شاہ عبدالحق قادری نے کہا ہے کہ حلوہ کھانے والوں نے جب جلوہ دکھایا تو پورا پاکستان بند کردیا، ہم ان لوگوں کی اولادیں ہیں جنہوںنے ہمیں ختم نبوتؐ پر پہرہ دینا سکھایا ہے، یارسولؐ کہنے والوں کی طاقت پوری دنیا نے دیکھ لی اور دنیا سمجھ گئی ہے کہ پاکستان واقعی یارسولؐ کہنے والوں کا ہے، ختم نبوتؐ کے معاملے پر جن جن لوگوں نے ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی، ان سارے بھیڑیوں کو بے نقاب کیا جائے اور ان کو معطل کرکے ان سے استعفے لیے جائیں۔ حکومت نے ایک وفاقی وزیر زاہد حامد سے تو استعفیٰ لے لیا اب حکومت ختم نبوت میں ترمیم کا سارا کھیل کھیلنے والی وفاقی وزیر انوشہ عبدالرحمن سے بھی فی الفور استعفیٰ لے۔ ملک میں نئی مردم شماری کے مطابق دوبارہ انتخابات کرائے جائیں، قادیانیوں کی حمایت کرنے والے پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء کو بھی عہدے سے برطرف کیا جائے، 2018ء کے الیکشن میں سنی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، ہم شہید ممتاز قادری کا بدلہ ووٹ کے ذریعے لیں گے اور اس سسٹم کا حصہ بنیں گے، فیض آباد دھرنے میں جتنی شہادتیں ہوئیں اور جو لاشیں چھپائی گئیں ان کو سامنے لایا جائے، کراچی میں اسٹار گیٹ پر آگ وخون کا کھیل کھیلنے والے امن دشمن ایس ایس پی رائو انوار کو فی الفور معطل کرکے ایک اعلیٰ عدالتی کمیشن قائم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو عید میلاد النبیؐکے موقع پر نشتر پارک میں جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے تحت منعقدہ جلسہ جشن عید میلاد مصطفیؐسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نشتر پارک میں منعقدہ جلسے سے جماعت اہلسنت کے مرکزی رہنما علامہ ابرار احمد رحمانی، علامہ خلیل الرحمن چشتی، حاجی حنیف طیب، علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی، علامہ الطاف قادری، شاہ سراج الحق قادری، حاجی حنیف بلو سمیت مختلف سنی جماعتوں اور طلبہ تنظیموں کے رہنمائوں اور کارکنان سمیت لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تحریک لبیک یارسولؐ پاکستان سندھ کے امیر مفتی غلام غوث بغدادی نے کہا ہے کہ ناموس رسالت اورختم نبوتؐ پر کبھی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ علامہ خادم حسین رضوی کی قیادت میں عاشقانِ رسولؐ نے کفر کے ایوانوں میں زلزلہ برپا کردیا ہے ان خیالات کے اظہار انہوں نے جشن عید میلادالنبیؐکے نکلنے والے جلوس کے شرکاء سے نمائش چورنگی پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔