فضل الرحمن مافیا سے کھایا ہوا نمک حلال کرنے میں پیش پیش ہیں،فردوس عاشق
شیئر کریں
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن مافیا کے ساتھ مل کر حکمرانوں کا کھایا ہوا نمک حلال کرنے میں پیش پیش ہیں۔اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے قوم پر مسلط رہنے والوں کواپنی تیسری نسل کا سیاسی مستقبل تاریک نظرآرہا ہے ۔ مولانا فضل الرحمان کا حکومت سے جھگڑا غریب عوام کے لئے نہیں بلکہ اسعد محمود، آصف زرداری کا جھگڑا بلاول کے لئے ، نواز شریف کا جھگڑا مریم کے لیے ، شہباز شریف کا جھگڑا حمزہ شہباز کے لئے اوراسفندیار ولی خان کاجھگڑا ایمل ولی کے لئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ عمران خان کی ذات کی جنگ نہیں ہے یہ پاکستان پر گذشتہ 35سالوں سے مسلسل حکومت کرنے والے مافیا اور 22کروڑ عوام کی جنگ ہے ۔ آج جب یہ اکٹھے حکومت سے باہر ہوئے ہیں تو سب یکجا ہو کر منتخب حکومت کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ مظلوم عوام نے اپنی مرضی کا حکمران اپنے اندر سے چنا تو مولانا مافیا کے ساتھ مل کر 31سال سے ناجائز حکمرانوں کا کھایا ہوا نمک حلال کرنے میں پیش پیش ہیں۔ مولانا فضل الرحمن اور ان کے ہمنوا ملک کو انارکی سے دوچار کرنے کے مذموم عزائم میں ناکام و نامراد ہوں گے ۔