میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پاکستان اور ترکی کے درمیان بھائی چارے اور محبت کے رشتے

پاکستان اور ترکی کے درمیان بھائی چارے اور محبت کے رشتے

منتظم
جمعرات, ۳ نومبر ۲۰۱۶

شیئر کریں

ریاض احمد چودھری
ترک سفیر ایس بابر گرگن نے ایوان وزیر اعلی پنجاب میں ترکی کے قومی دن کے موقع پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے اور جولائی 2016ءمیں ترکی میں بغاوت کی جو کوشش ہوئی پاکستان کی قیادت نے ترک قیادت اور عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ ابھی بغاوت جاری تھی کہ پاکستان کی لیڈر شپ نے ترک عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے پیغامات بھجوائے۔ پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا کی واحد پارلیمنٹ ہے جس نے ترک قیادت اور عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جبکہ وزیر اعلی شہباز شریف بھی ترکی کے عوام اور قیادت کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ترکی آئے۔ پاکستان کی قیادت کی جانب سے جو اظہار یکجہتی کیا گیا وہ ہم کبھی نہیں بھلا سکتے۔
وزیر اعلی شہباز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان خصوصاً پنجاب کے ساتھ ترکی کے تعلقات میں مزید وسعت آئے گی اور ترکی پاکستان اور پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں ہر ممکن تعاون کی فراہمی جاری رکھے گا۔ ترکی تعلیم، صحت اورعوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے تعاون کو فروغ دے گا۔
وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ترکی کے قومی دن کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے عوام محبت، بھائی چارے اور اخوت کے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ترکی کے عوام نے اپنے عظیم قائد صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں جمہوریت کے خلاف سازش کو ناکام بنایا۔ترک عوام کی جمہوریت بچانے کی جدوجہد تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی جائے گی۔ترک عوام رجب طیب اردوان کی ایک کال پر سڑکوں پر نکل آئے اور ٹینکوں کا راستہ روکا۔ترک قوم نے عظیم قربانیاں دے کر فوجی بغاوت کو ناکام بنایا اورجمہوریت کو توانا کیا۔
ترکی آج جدید معاشرے کی علامت ہے اور گزشتہ پندرہ برس کے دوران ترکی نے اپنے قائد رجب طیب اردوان کی ولولہ انگیز قیادت میں بے پناہ ترقی کی ہے۔ ترکی کی مضبوط معیشت پوری دنیا کے لیے قابل مثال ہے۔ ترکی کے عوام نے جمہوریت کے ساتھ جس عزم کا اظہار کرتے ہوئے لازوال قربانیاں دی ہیں اس کی عصر حاضر کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ترک عوام نے اپنے قائد کی کال پر جمہوریت بچانے کے لیے جس طرح لبیک کہا وہ صرف اور صرف ترکی کی عظیم لیڈر شپ کی عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کی مرہون منت ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے بے پناہ محنت کے ساتھ اپنے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور اپنے مقاصد کے حصول کے لیے امانت اور دیانت کے ساتھ کام کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ انتہائی مشکل حالات میں بھی ترک قوم کے لیے ان کا ایک پیغام کونے کونے میں پھیلایا اور عوام ٹینکوں کے سامنے بلا خوف و خطر کھڑے ہوگئے اور ان کا راستہ روکا۔ جمہوریت بچانے کے لیے جو عظیم قربانیاں ترک عوام نے دیں اس کا ذکر کرنا آسان ہے لیکن اس جدوجہد کو عملی شکل دینا مشکل ہے اور یہ اعزاز عظیم قائد رجب طیب اردوان کی عظیم قوم کو جاتا ہے اور رجب طیب اردوان جیسی ایماندار اور پر عزم لیڈر شپ کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے عوام کی جس طرح بے لوث خدمت کی ہے ، عوام نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
ترک عوام کی عظیم جدوجہد میں ہم سب کے لیے ایک سبق ہے اور وہ سبق یہ ہے کہ ہمیں بھی دیانتداری، ایمانداری اور پیشہ ورانہ انداز سے عوام کی خدمت کرنی ہے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنی ہیں۔ زلزلہ ہو یا سیلاب یا کوئی قدرتی آفت ترکی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا ہے۔ ترکی نے عالمی سطح پر بھی پاکستان کا ہر فورم پر بھرپور ساتھ دیا ہے۔ گزشتہ چھ برس کے دوران پاکستان اور ترکی کے درمیان بھائی چارے اور محبت کے رشتے معاشی تعاون اور سرمایہ کاری میں بدل گئے اور ترکی کی متعدد کمپنیاں پاکستان خصوصا پنجاب میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ ترکی پنجاب پولیس کی تربیت ، صحت کی سہولتوں کی بہتری اور تعلیم کے شعبے میں بھی بھرپور تعاون کر رہا ہے۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستی اورمحبت کے رشتے ازل سے ہیں اور ابد تک رہیں گے۔ اس میں کبھی زوال آیا نہ آئے گا۔
آج پاکستان میں چین کے تعاون سے کئی منصوبے انتہائی تیز رفتاری سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ ان منصوبوں کی راہ میں روڑے اٹھکانے والے پاکستان کے خیر خواہ نہیں۔ چین نے پاکستان میں 50 ارب ڈالر کی عظیم سرمایہ کاری کی ہے جبکہ ترکی بھی پاکستان کے ساتھ بے پایاں تعاون کر رہا ہے۔ پاکستان کے 20 کروڑ عوام ترک قوم کی طرح محنت کرتے ہوئے پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے۔
وزیر اعلی پنجاب اور ترک سفیر ایس بابر گرگن نے ترکی کے قومی دن کے موقع پر ملکر کیک کاٹا۔ترکی کے قونصل جنرل سردار ڈینز صوبائی وزراء، ترک سرمایہ کاروں، پاکستانی بزنس مینوں، اعلی حکام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ترک سفیر نے ترکی کے قومی دن کے موقع پر تقریب کے انعقاد پر وزیر اعلی شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
لاہور میں ترکی کے قونصل جنرل نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ ترک صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ترکی کے عوام جمہوریت پسند ہیں اور انہوں نے جولائی 2016ءمیں جمہوریت کے ساتھ جس غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا وہ ترکی کے عوام کی جمہویت کے ساتھ وابستگی کا ثبوت ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں