میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
چودھری نثار بھی بے اختیار وزیرداخلہ تھے، رانا ثناء ۔ خودساختہ بیان کی ضرورت نہیں، چودھری نثار

چودھری نثار بھی بے اختیار وزیرداخلہ تھے، رانا ثناء ۔ خودساختہ بیان کی ضرورت نہیں، چودھری نثار

ویب ڈیسک
منگل, ۳ اکتوبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

لاہور/اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بطور وزیرداخلہ چودھری نثار کا بھی یہی حال تھا جو احسن اقبال کا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہمیں ان معاملات کو بہت توازن اور ٹھنڈے طریقے سے لینا چاہیے اور سامنے بھی لانا چاہیے جس طرح احسن اقبال آج ان معاملات کو سامنے لائے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ اسلام آباد کی سول انتظامیہ کا اختیار ہے کہ وہ اس بات کو دیکھیں کہ عدالت میں کون آسکتا ہے اور کون نہیں ٗجب وہاں انتظامات تھے تو رینجرز نے کس طرح آکر تمام چیزوں کو ٹیک اوور کیا۔انہوںنے کہاکہ نواز شریف نے جو سویلین بالادستی کی بات کی کچھ لوگ اس سے دکھی ہیں، لیکن اب ساری چیز دنیا کے سامنے آگئی ہے کہ پاکستان میں معاملات کس طرح سے چل رہے ہیں، حکومت نظر آنے کو ہے، پس پردہ کون سی قوتیں ہیں جو کردار ادا کرتی ہیں، یہ ملک سسٹم ٗ آئین اور جمہوریت کیلئے درست نہیں، ان چیزوں کو سامنے لانا چاہیے، جب تک سویلین بالادستی کو قبول نہیں کیا جائے گا، ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ احسن اقبال نے جو قدم اٹھایا اس پر بات ہونی چاہیے، ریاست کے اندر ریاست کا تصور عام آدمی تک واضح ہونا چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ بطور وزیر داخلہ چودھری نثار کا بھی یہی حال تھا جو احسن اقبال کا ہے ٗان کا بھی بطور وزیر داخلہ اس سے زیادہ اختیار نہیں تھا جس طرح کی گفتگو احسن اقبال نے کی۔ سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے ترجمان نے کہا ہے کہ سابق وزیرِ داخلہ کے اختیارات اور عمل داری سے متعلق کسی کو خود ساختہ بیان دینے کی ضرورت نہیں۔نجی ٹی وی پر وزیر قانون رانا ثنا اللہ کی نشر ہونے والی بات پر چودھری نثار علی خان کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چودھری نثار علی خان مکمل طور پر بااختیار وزیرِداخلہ تھے، ان کے ماتحت تمام ادارے بشمول سول آرمڈ فورسز ان کے سامنے جواب دہ تھے۔ سابق وزیر داخلہ کے 4 سالہ دور میں وزارت داخلہ کے کسی ذیلی ادارے نے نہ تو اختیارات سے تجاوز کیا اور نہ ہی کوئی ادارہ کبھی وزیرِ داخلہ کی حکم عدولی کا مرتکب ہوا۔ترجمان چودھری نثار علی خان نے کہا کہ وزارتِ داخلہ اور ذیلی اداروں پر سابق وزیرِ داخلہ کی عمل داری کے حوالے سے بیان حقائق پر مبنی نہیں، لہذا سابق وزیر داخلہ کے اختیارات اور عمل داری سے متعلق کسی کو خود ساختہ بیان دینے کی ضرورت نہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں