کارسازحادثہ، ملزمہ نتاشا کے مقدمے میں نشے کی دفعہ شامل،عدالت میں ویڈیولنک پر حاضری
شیئر کریں
کراچی کارساز حادثہ کیس کی ملزمہ نتاشا کے خلاف مقدمے میں نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کی دفعہ بھی شامل کرلی گئی۔ سٹی کورٹ نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل کرکے چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت میں ملزمہ کی ویڈیو لنک کے ذریعہ حاضری لگوائی گئی۔پولیس نے ملزمہ کے برطانوی لائسنس کی تصدیق کے لئے برطانوی سفارت خانے سے رابطہ کیا۔ کارسازحادثہ کیس کی ملزمہ نتاشا کے خلاف مقدمے میں تفتیشی پولیس نے ایک اور سیکشن کا اضافہ کردیا۔ مقدمہ میں دفعہ 100 شامل کی گئی ہے جو شراب یا دیگر نشے کے زیراثر ڈرائیونگ کرنے پر لگتی ہے۔ ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ میں مہلک نشے آئس کا انکشاف ہوا تھا۔کراچی سٹی کورٹ میں کارساز حادثہ کیس کی سماعت ہوئی۔ پولیس کی جانب سے ملزمہ نتاشا کی وڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوائی گئی۔ پولیس کا موقف تھا کہ ملزمہ نتاشہ کو سیکیورٹی خطرات ہیں جس وجہ سے عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکتا۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ متاثرین کے بیانات قلم بند کرلئے ہیں،ڈی آئی جی لائسنس برانچ سے ملزمہ کے لائسنس کی رپورٹ طلب کی گئی ہے،حادثے کے باعث ہونے والے نقصان سے متعلق متعلقہ یونین کونسل سے بھی رپورٹ طلب گئی ہے۔ملزمہ کے برطانوی لائسنس کی تصدیق کے لئے برطانوی سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج پنجاب فارنزک لیب بھیجی ہیں، رپورٹس موصول ہونے میں کچھ وقت لگے گا، تفتیشی افسر ایس آئی او عامر الطاف نے عدالت سے استدعا کی کہ مقدمہ کی تفتیش جاری ہے چالان جمع کرانے کے لئے پندرہ دن کی مہلت دی جائے، عدالت نے کیس کی سماعت پانچ ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل کرکے چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے منشیات کے نئے مقدمہ میں ملزمہ نتاشا کے پروڈکشن آرڈر بھی جاری کر دیئے۔