میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
گلگت بلتستان میں فوج تعیناتی کی زیر گردش خبروں کی تردید

گلگت بلتستان میں فوج تعیناتی کی زیر گردش خبروں کی تردید

جرات ڈیسک
اتوار, ۳ ستمبر ۲۰۲۳

شیئر کریں

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہاہے کہ گلگت بلتستان میں پاک فوج کی تعیناتی کے حوالے سے میڈیا میں زیر گردش خبریں اور قیاس آرائیاں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔ اپنے بیان میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ محکمہ داخلہ گلگت بلتستان کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ گلگت بلتستان میں صورتحال مکمل طور پر پرامن ہے، پاک فوج کی تعیناتی کے حوالے سے میڈیا میں زیر گردش خبریں اور قیاس آرائیاں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تمام سڑکیں، تجارتی مراکز، کاروباری سرگرمیاں اور تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے ہیں، پاکستان آرمی اور سول آرمڈ فورسز کی خدمات صرف حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے طلب کی گئی ہیں، جلوس کے راستوں اور امام بارگاہوں کی سیکورٹی کیلئے ماضی کی طرح خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ محکمہ داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے سی آر پی سی 1898 کی دفعہ 144 پورے خطے میں نافذ کی گئی ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ آئیے سوشل میڈیا پر گمراہ کن بیانیہ اور جعلی خبروں کے ریکارڈ کو درست کریں۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ گلگت بلتستان میں امن و استحکام ہے، سکول، کالج، بازار اور سڑکیں کھلی ہیں جو معمول کے احساس کا اظہار کر رہی ہیں، بعض اوقات مذہبی اور فرقہ وارانہ خدشات کے رد عمل میں پرامن احتجاج ہوتا ہے لیکن امن و امان کی صورتحال پرامن ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ فوج کی کوئی تعیناتی نہیں ہوئی، پاکستان آرمی آئندہ ہفتے حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر کمیونٹی کے تحفظ کے لئے تیار ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بد امنی کی خبریں بے بنیاد ہیں، کوئی گولی نہیں چلی، سرکاری اور نجی املاک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ احتجاج مقامی مسائل پر ایک فطری سیاسی جمہوری ردعمل ہے جس کا گلگت بلتستان میں پرامن طریقے سے انتظام کیا گیا۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ گلگت بلتستان امن اور ہم آہنگی کی جنت ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں