شہرقائدمیں موسلادھار بارش، کے الیکٹرک کے250 سے زائد فیڈرز ٹرپ
شیئر کریں
شہر قائد میں بارش ہوتے ہی کے الیکٹرک کے 250 سے زائد فیڈرز بند ہوگئے، جس کے باعث مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیوکراچی، یوپی سوسائٹی، ناگن چورنگی، مسلم ٹاؤن، سخی حسن، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، لانڈھی، کورنگی، ملیر، ایئر پورٹ، سپر ہائی وے لنک روڈ، نیو ملیر، سعدی ٹاون، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، پہلوان گوٹھ، شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر سمیت مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی، کہیں تیز اور کہیں موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ بارش شروع ہوتے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں روایتی طور پر بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور فیڈر ٹرپ ہونے سے شہریوں کوطویل لوڈ شیڈنگ کا عذاب سہنا پڑ رہا ہے۔بارش کے دوران کے الیکٹرک کے 250 سے زائد فیڈرز بند ہوگئے، جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، متاثرہ علاقوں میں اورنگی ٹاؤن اوربلدیہ ٹاؤن، نارتھ کراچی،نارتھ ناظم آباد،لانڈھی،کورنگی، منگھوپیر،سرجانی،گلشن اقبال،گلشن معمار،ملیر،صدر، ڈی ایچ اے،اخترکالونی،منظور کالونی،شادمان، سرسیدٹاؤن،ایف بی ایریا شامل ہیں۔کے الیکٹرک نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ شہرکے مختلف علاقوں سے ہلکی سے تیزبارش کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں، کے الیکٹرک کا عملہ صورتِحال کا جائزہ لے رہا ہے تاہم چند فیڈرزکو حفاظتی بنیادوں پر بند کیا جا سکتا ہے۔کے الیکٹرک کے ترجمان عمران رانا نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر کے الیکٹرک کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں لیکن نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور بجلی بند کی جاسکتی ہے۔کراچی میں بارش کا آغاز ہوتے ہی ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب حالات کا جائزہ لینے ضلع وسطی پہنچ گئے اور لیاقت آباد،کریم آباد،تین ہٹی، لسبیلہ، ملحقہ علاقوں میں انتظامات کاجائزہ لیا۔مرتضی وہاب نے کے ایم سی کو نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ تمام عملہ فیلڈ میں موجود رہے شہریوں کو مشکلات پیش نہ آئیں۔ شہرقائد کو حیدر آباد سے ملانے والی موٹر وے ایم نائن پر بھی بارش خوب برسی ، اس حوالے سے موٹر وے پولیس نے شہریوں کے لیے محتاط رہنے کی ہدایات جاری کر دیں۔موٹر وے پولیس کے مطابق ایم نائن پر بارش کے دوران شہری گاڑی کی رفتار کم رکھیں، اکثر مقامات پر پھسلن ہو جاتی ہے۔موٹر وے پولیس کا مزید کہنا ہے کہ موٹر وے پر ڈرائیورز گاڑی احتیاط سے چلائیں۔موٹر وے پولیس نے شہریوں کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ کسی بھی قسم کی مدد اور رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن کے نمبر 130 پر رابطہ کریں۔