میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کمزور طبقات کی بہتری کے لیے خدمات

کمزور طبقات کی بہتری کے لیے خدمات

ویب ڈیسک
جمعرات, ۳ اگست ۲۰۲۳

شیئر کریں

ریاض احمدچودھری

حال ہی میں الخدمت فاؤنڈیشن نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت دونوں ادارے معاشرے کے کمزور طبقات کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں گے اور تمام کمیونیٹیز کے ضرورت مند اور غریب افراد کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ دونوں اداروں نے باہمی تعاون مضبوط کر کے مختلف شعبوں میں امدادی کاموں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جن میں یتیموں کے لیے سکل ڈویلپمنٹ سنٹر کا قیام، کمیونٹی سروسز کی فراہمی، یتیموں کی بہتر دیکھ بھال، ضرورتمندوں کو مائیکرو فنانس اور تعلیم کی فراہمی شامل ہیں۔ دونوں ادارے معاشرے کے کمزور افراد کومعاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے مختلف مصنوبوں پر کام کریں گے جبکہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، سماجی کاموں، معاشرے کی فلاح و بہبود، کمیونٹی ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور دیگر فلاحی کاموں میں ایک دوسرے کا ہاتھ بٹائیں گے۔ دونوں ادارے اپنے ممبران کو قدرتی آفات و دیگر مشکلات کے وقت مصیبت زدہ افراد کی بہتری کیلئے رضاکارانہ طور پر کام کرنے کی حوصلہ افزائی کریں گے اور اس سلسلے میں ان کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔ دونوں ادارے سکل ڈویلپمنٹ سینٹر، یتیموں کی دیکھ بھال، تعلیم، مائیکروفنانس، صحت اور غربت کے خاتمے سے متعلق منصوبوں کے لیے مل کر فنڈز اکٹھا کرنے کی کوشش کریں گے۔
دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے دونوں اداروں کے درمیان مفاہمت کی یاددشت کو معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن معاشرے کے غریب افراد کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے بہت سے قابل ستائش منصوبوں پر کر رہی ہے اور چیمبر کا اس کے ساتھ کا تعاون ان مقاصد کو مزید موثر انداز میں حاصل کرنے میں بہت مددگار ثابت ہو گا۔ چیمبر معاشی طور پر محروم افراد، یتیموں اور بیواؤں کے لیے ایک سکل ڈویلپمنٹ سنٹر کی تعمیر میں تعاون کرے گا تاکہ ایسے افراد کو معاشرے کا فعال شہری بنایا جا سکے تا کہ وہ ملک کی معاشی ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کر سکیں۔
اس موقع پرالخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے صدر حامد محمود اطہر نے کہا کہ آئی سی سی آئی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بہت خوش آئند ہے کہ چیمبر کا تعاون الخدمت فائونڈیشن کے مشن کو آگے بڑھانے میں بہت معاون ثابت ہو گا۔ الخدمت فائونڈیشن چیمبر اور اس کی ممبر صنعتوں کو معاشرے کے کمزور طبقات میں امدادی سامان کی تقسیم کے لیے رضاکار فراہم کرے گی۔ الخدمت فائونڈیشن چیمبر کے ممبران کو غریب افراد کیلئے ضروری امدادی سامان جمع کرنے کے کام میں بھی شامل کرے گی اور اس مقصد کیلئے آئی سی سی آئی اور اس کے ممبر اداروں میں سہولت ڈیسک قائم کیے جائیں گے تا کہ غریب و نادار افرادکیلئے ضروری سامان اکھٹا کیا جا سکے۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے وطن عزیز میں قدرتی آفات میں امدادی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں میں نیا قومی جذبہ پیدا کیا اور محنت، تہذیب اور دکھ درد کے احساس کا کلچر دیا ہے۔ نوجوان ہی پاکستان کا مستقبل اور اصل سرمایہ ہیں۔ نوجوان قومی قیادت کی غلطیوں میں غرق ہونے کی بجائے اپنا مقام اور اپنا مستقبل خود محفوظ کریں۔الخدمت فاؤنڈیشن ملک میں یتیموں کی کفالت سے لے کر مسکینوں کو کھانا کھلانے تک،تعلیمی اخراجات سے لے کر صحت کے معاملات تک اور پھر زلزلہ زدگان سے لے کرسیلاب زدگان تک ہر جگہ وطن عزیز کی الخدمت دن رات مصروف عمل دکھائی دیتی ہے۔
الخدمت فاونڈیشن وطن عزیز کی سب سے بڑی غیر حکومتی فلاحی تنظیم ہے۔ یوں تو الخدمت فاونڈیشن نے قیام پاکستان کے وقت امداد مہاجرین کے کٹھن کام سے اپنے کار خیر کا آغاز کر دیا تھا مگر غیر حکومتی فلاحی تنظیم کے طور پر اسے سن نوے میں رجسٹر کیا گیا۔ اس تنظیم کے پیش نظر کار ہائے خیر میں سب سے نمایاں وقت آفات میں رضاکارانہ سرگرمیاں ہیں۔ الخدمت فاونڈیشن اس وقت پاکستان کے 150اضلاع میں اپنی خدمات سر انجام دے رہا ہے۔گزشتہ برس کے سیلاب متاثرین کے لیے 10 ارب کے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے بعد 5 ارب روپے سے بحالی و تعمیر نو کا کام جاری ہے۔ جس میں ہزاروں مکانات کی تعمیر و مرمت، اور6 سو سکولوں، مدارس اور مساجد کی تعمیر و مرمت کا عمل، 4 سے 12سال تک کے ہزاروں یتیم بچوں کی مستقل کفالت کا بندوبست اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی شامل ہے۔جبکہ چھوٹے کسانوں کو گندم کی بوائی کے لیے بیج، کھادیں اور زرعی ادویات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ جو اْن کسانوں کی مدد کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر غذائی پیداوار کو بڑھانے کی کوشش بھی ہے۔ الخدمت فاونڈیشن نے چھ ارب روپے سے زائد تک کی متاثرین کی خدمت کا کام کیاہے۔ قوم جلسہ جلسہ کھیلنے والوں کو جانتی ہے۔ سیاسی جماعتیں متاثرین سیلاب کو نظر انداز کرکے محض اپنی سیاست کے لیے جلسے منعقد کرکے متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی کررہی ہیں۔ انہیں اپنے رویوں کو تبدیل کرنا ہوگا۔ کرپشن اور بے حسی کے اس ماحول سے عوام مایوس ہیں۔ انہیں ان کے حقوق نہیں مل رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کی غلامی نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے۔مسئلہ کشمیر سے پہلو تہی اختیار کی جارہی ہے۔ ملک اندرونی طور پر عدم استحکام کا شکار ہے۔
الخدمت فاونڈیشن غریب اور نادار لوگوں کی فلاح و بہبود کا کام بلا تقریق رنگ و نسل کر رہی ہے۔شہر میں غریبوں اور مستحقین کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنے والے پروجیکٹس کو مزید توسیع دینے کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن لاہور اپنے وسائل کے مطابق اقدامات کر رہی ہے جس کا بنیادی مقصد عوامی فلاح و بہبود ہے ۔ مخلوق خدا کی خدمت عظم کام اور افضل عبادت ہے۔ ہم اس کارخیر میں حصہ لینے والے تمام ٹیم ممبرز اور معاونین الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کی بابرکت زندگی کے لیے دعا گو ہیں۔
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں