سلیکٹڈ وزیراعظم جھوٹ بولنے اور سیاسی انتقام کے سوا کچھ نہیں جانتا، بلاول بھٹو
شیئر کریں
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب عوام کی مشکلات سے بے حس حکومت نے ایک بار پھر اپنے اخراجات پورا کرنے کے لیئے پٹرول بم کا سہارا لیاہے ۔اپنے بیان میں بلاول بھٹو زراری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایک ماہ کے اندر پٹرول کی قیمت میں دس روپے لیٹر اضافہ کیا گیا ہے ۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںاضافے سے مہنگائی مزید بڑھے گی، پاکستان مزید مہنگائی کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کی نااہلی اور ناکامیاں ملک کے آگے بڑھنے میں رکاوٹ بن چکے ہیں۔سلیکٹڈ وزیراعظم سے ملک نہیں چل رہا، جو فقط جھوٹ بولنے اور سیاسی انتقام کے علاوہ کچھ نہیں جانتا ہے ۔خان صاحب! عوام پر رحم کرو،پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لو اور ٹیکسز کم کرو۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سابق حکومت نے مشکل ترین حالات کے باوجود پٹرول کی قیمتوں کو مستحکم رکھا۔