فرقہ واریت کو ہوا دینے کیلئے کچھ عناصر ملک دشمنوں کے ہاتھوں کھیل رہے ہیں،فواد چودھری
شیئر کریں
وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرنے کا اعلان خوش آئند ہے،حکومت ملک میں محرم الحرام کے دوران قیام امن کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے،پاکستان علما کونسل ،متحدہ علما بورڈ کا ملک میں مذہبی ہم آہنگی ،بھائی چارہ کے فروغ کیلئے کردار لائق تحسین ہے،کچھ عناصر ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کیلئے ملک دشمن قوتوں کے ہاتھوں کھیل رہے ہیں، یہ اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران ملک میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات اور پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ملک بھر میں پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرنے کا اعلان خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پاکستان علما کونسل اور متحدہ علما بورڈ کا ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارہ کے فروغ کیلئے کردار لائق تحسین ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام سلامتی، امن، رواداری، تحمل، برداشت اور عدم تشدد کا مذہب ہے۔انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ منافرت، مسلح فرقہ وارانہ تصادم اور طاقت کے زور پر اپنے نظریات دوسروں پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے،کچھ عناصر ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کیلئے ملک دشمن قوتوں کے ہاتھوں کھیل رہے ہیں، یہ اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔