ژوب: کوئٹہ سے پشاور جانیوالی بس کھائی میں گر گئی، 40 مسافرجاں بحق
شیئر کریں
دانہ سر میں بس کھائی میں گر گئی، 10زخمیہوگئے،جاں بحق ہونیوالوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں،پولیس
ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں،زخمی ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل،بلوچستان حکومت کا واقعہ پر اظہار افسوس
بلوچستان میں شیرانی علاقے میں دانہ سر میں بس کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں 40 مسافر جاں بحق اور 10زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق حادثہ جمعہ کے روز پہاڑی علاقے دانہ سر میں پیش آیا۔ ڈپٹی کمشنر ضلع شیرانی حضرت ولی کاکڑ نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی شیرانی ضلعی انتظامیہ کی ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
پولیس نے کہا کہ بس کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی، بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا،زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب حکومت بلوچستان نے دانہ سر کے علاقے میں پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر سوگ کا اظہار کیا ہے۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے حادثے کے فوراً بعد متعلقہ صوبائی اداروں کو امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو بروقت ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ جائے حادثہ پر ریسکیو اور امدادی ٹیمیں مسلسل کارروائیوں میں مصروف ہیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور اس مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔


